(+92) 319 4080233
کالم نگار

آئرہ علوی

آئرہ علوی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/23
موضوعات
جامع قرطبہ کا تعارفی مطالعہ
اسلام اس وقت روئے زمین پر دوسری بڑی تہذیب ہے، تقریباً دنیا کی دو ارب آبادی مسلمان ہے۔ انسان کی فطرت ہے کہ جب کوئی ادارہ، تنظیم یا گروہ، جو چند افراد پر ہی مشتمل کیوں نہ ہو، غیر معمولی نوعیت کی پذیرائی حاصل کر لے، تو اس کے اندر اس کی ابتدا، تاریخی مقامات، علاقوں، خدوخال اور یادوں تک رسائی کی دلچسپی پیدا ہو جاتی ہے۔ تو دنیا کی دوسری بڑی تہذیب کے تاریخی حقائق، علاقوں اور خدوخال تک رسائی کا جذبہ کیوں نہ پیدا کیا جائے؟ اور بھلا اسلامی تاریخ کے سمندر سے فیض حاصل کرنے کی سعادت کیوں نہ حاصل کی جائے؟ جامع مسجد قرطبہ اسلامی تاریخی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم العالیہ نے اپنی کتاب "دنیا مرے آگے" میں اپنے اندلس کے سفر کو قلم بند فرماتے ہوئے مسجد قرطبہ کے کچھ تاریخی خدوخال اور اپنے دورۂ مسجد قرطبہ کا تذکرہ فرمایا ہے، نیز مسجد قرطبہ کی موجودہ انتہائی غمگین صورتِ حال کی تصویر کھینچی ہے۔

مفتی صاحب مدظلہ نے ابتدا میں مسجد قرطبہ کا تاریخی نقشہ جامع انداز میں کھینچا ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ مسجد کی تعمیر سے قبل دیگر دو مذاہب کی عبادت گاہیں یکے بعد دیگرے وہاں تھیں، پھر وہاں نصف حصے پر مسجد تعمیر ہوئی اور نصف حصے پر پہلے سے قائم شدہ چرچ برقرار رہا۔ بعد ازاں جب مسجد کی توسیع کی ضرورت پیش آئی، تو عیسائیوں کو اس بات پر قائل کیا گیا کہ ان سے چرچ خرید کر مسجد کی توسیع کی جائے۔ آٹھ سال میں مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی، اور اندلس میں بنو امیہ کی خلافت کے زمانے میں آٹھ مراحل کا سفر طے کرنے کے بعد مسجد کی تعمیر پایۂ تکمیل کو پہنچی۔

مفتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ مسجد کے حسن و وسعت کا تذکرہ کرتے ہوئے مسجد کے دالانوں، ستونوں اور چھتوں کا دلکش منظر پیش فرماتے ہیں۔ پھر مفتی صاحب مدظلہ مسجد کے اندر اپنے داخل ہونے کی کیفیت بیان فرماتے ہیں، زمانۂ ماضی میں مسجد کی صورتِ حال کی یادوں کو تازہ کرتے ہیں اور موجودہ زمانے میں مسجد کی حالتِ زار پر افسوس کا اظہار فرماتے ہیں۔ مفتی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی اس تحریر میں درج ذیل اہم نکات قابلِ غور ہیں:

- *اول:* بحیثیت مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی تاریخ، اسلاف کی محنت، قربانیوں، کردار و خدمات کا مطالعہ کریں، نیز اپنی تاریخی جگہوں کی سیاحت کا اہتمام کریں، تاکہ ہمارے اندر ایمان کی تازگی، دین سے محبت، اکابرین سے عقیدت اور جدوجہد کا جذبہ پیدا ہو۔

- *دوم:* مسلمان حکمران ہونے کے باوجود مسجد کی توسیع کے لیے عیسائیوں سے کیے ہوئے معاہدے کو توڑنے اور کلیسا کو منہدم کرنے کے لیے قطعاً تیار نہ تھے، چونکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایسا کرنا بہت بڑا گناہ ہے۔ یہ اسلام کے زندہ اور اعلیٰ اخلاق کا حامل مذہب ہونے کی بہت بڑی عملی دلیل ہے کہ مسلمان برحق مذہب ہونے اور اپنی حکومت ہونے کے باوجود معاہدے کی خلاف ورزی کو جائز نہیں سمجھتے۔ نیز کسی کی جائیداد پر ناجائز قبضہ کرنے اور کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کو اخلاقیات کے خلاف سمجھتے ہیں۔

- *سوم:* ہشام بن عبدالرحمن نے مسجد قرطبہ کی تعمیر میں اسی ہزار دینار خرچ کیے؛ اس وقت کے اسی ہزار دینار آج کے حساب سے اربوں روپے بنتے ہیں۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ مسجد میں شاہانہ خرچ کرنا اور اس کی عالی شان تعمیر کروانا کوئی غلط بات نہیں ہے۔ لہٰذا یہ نظریہ رکھنا کہ مسجد تو اللہ کا گھر ہے، اس میں ایئر کنڈیشنر کیوں ہے یا فلاں سہولت کیوں ہے وغیرہ، اور یہ سب عیاشی اور گناہ ہے، سراسر غلط بات ہے۔

- *چہارم:* مفتی صاحب مدظلہ کے مسجد قرطبہ کی موجودہ حالت کا نقشہ کھینچنے میں ایک انتہائی اہم پہلو قابلِ غور ہے کہ ایک ہزار سال تک مسلمانوں نے دنیا پر حکومت کی اور زندگی کے تمام شعبوں، سیاست، معیشت، سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی، فلکیات اور طب وغیرہ میں نمایاں کارنامے اور خدمات سرانجام دیں۔ لیکن یہ سب تب تک رہا جب تک مسلمان اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا رہے اور اپنے دین سے مستحکم تعلق قائم رکھا۔ آج مسلمانوں کے زوال اور پستی کی اہم وجہ یہ ہے کہ مسلمان اللہ تعالیٰ اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو بھلا چکے ہیں اور دین سے بہت دور ہو چکے ہیں۔

آج کئی مسلمان ذہنی غلامی اور احساسِ کمتری کا شکار ہیں۔ اس سے باہر آنے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ اسلام برحق مذہب ہے؛ لہٰذا حق پر ہونے کی بدولت مسلمانوں کے اندر تو سب سے زیادہ خود اعتمادی ہونی چاہیے اور اپنی ذمہ داری کا احساس بیدار ہونا چاہیے کہ مسلمانوں کو دنیا کی قیادت و رہنمائی کرنی ہے۔ ہمہی کو کفر کے اندھیروں میں توحید کا دیا جلانا ہے، نہ کہ توحید کے دیے کو کفر کے اندھیروں میں تبدیل کرنا ہے، جس کا عملی نمونہ مسجد قرطبہ کی شکل میں ہمارے سامنے ہے اور ہم مسلمان اس کی عظمتِ رفتہ کو بحال نہیں کر پا رہے۔ اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

کالم نگار : آئرہ علوی
| | |
73