خلاصۂ تحقیق (Abstract):
یہ مقالہ اس سوال کا تاریخی جائزہ پیش کرتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادیاں کتنی تھیں اور حضرت فاطمہؓ ترتیبِ ولادت میں کس نمبر پر تھیں۔ مقالے میں قدیم سیرت و طبقات کے مآخذ، اہلِ سنت کا اکثریتی بیان، شیعہ علما کا اختلافی موقف، اور مغربی مستشرقین (واٹ، لامنس، کیتانی وغیرہ) کے نقطۂ نظر کو الگ الگ بیان کر کے ان کا تقابلی تجزیہ کیا گیا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ قدیم ترین دستیاب مآخذ میں چار صاحبزادیوں (زینبؓ، رقیہؓ، ام کلثومؓ، فاطمہؓ) کا بیان موجود ہے اور حضرت فاطمہؓ اس بیان میں چوتھی اور سب سے چھوٹی صاحبزادی ہیں۔
1۔ تمہید:
سیرتِ نبوی ﷺ کے خاندانی پہلو پر مسلم علمی روایت میں وسیع لٹریچر موجود ہے۔ صاحبزادیوں کی تعداد کا مسئلہ عموماً مسلکی بحث کے ساتھ جڑ کر پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ اس کا بنیادی تعلق تاریخی مآخذ کی جانچ سے ہے۔ اس مقالے کا مقصد کسی مسلک کی تائید یا تردید نہیں بلکہ یہ دیکھنا ہے کہ دستیاب مآخذ کیا کہتے ہیں، ان میں کہاں اتفاق ہے اور کہاں اختلاف۔
2۔ مسئلۂ تحقیق اور سوالات
• رسول اللہ ﷺ کی صاحبزادیوں کی تعداد کیا بیان کی گئی ہے؟
• قدیم ترین مآخذ اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟
• حضرت فاطمہؓ کی ترتیبِ ولادت کے بارے میں روایات کیا ہیں؟
• شیعہ علما کا اختلافی موقف کن دلائل پر قائم ہے؟
• مستشرقین نے ان روایات کو کس نظر سے دیکھا؟
3۔ منہجِ تحقیق:
مقالے میں تاریخی و تقابلی منہج اختیار کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے قدیم ترین مآخذ کو بنیاد بنایا گیا، پھر بعد کے مآخذ اور جدید تحقیقات سے ان کا موازنہ کیا گیا۔ ہر موقف کو اسی کے مآخذ کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے اور آخر میں مآخذ کی قدامت، تواتر اور باہمی ہم آہنگی کے اصولوں پر تجزیہ کیا گیا ہے۔
4۔ قدیم مآخذ کا بیان: چار صاحبزادیاں:
ابن اسحاق (م 151ھ) کی سیرت (بحوالہ ابن ہشام)، محمد بن سعد (م 230ھ) کی الطبقات الکبریٰ، بلاذری کی انساب الاشراف، طبری کی تاریخ اور ابن عبدالبر کی الاستیعاب میں یہ بیان ملتا ہے کہ حضرت خدیجہؓ سے رسول اللہ ﷺ کی چار بیٹیاں تھیں:
1. حضرت زینبؓ: نکاح ابوالعاص بن ربیع سے ہوا۔ غزوۂ بدر کے بعد ابوالعاص کی قید اور رہائی کا واقعہ سیرت کی کتابوں میں معروف ہے۔ ان کی وفات 8ھ میں بیان کی جاتی ہے۔
2. حضرت رقیہؓ: نکاح حضرت عثمانؓ سے ہوا اور وفات غزوۂ بدر کے ایام میں ہوئی۔
3. حضرت ام کلثومؓ: حضرت رقیہؓ کی وفات کے بعد حضرت عثمانؓ کے نکاح میں آئیں، اسی نسبت سے حضرت عثمانؓ ذوالنورین کہلائے۔ ان کی وفات 9ھ میں بیان ہوتی ہے۔
4. حضرت فاطمہؓ: نکاح 2ھ میں حضرت علیؓ سے ہوا اور وفات رسول اللہ ﷺ کے بعد چند ماہ کے اندر ہوئی۔
بیٹوں میں حضرت قاسمؓ اور حضرت عبداللہؓ (جنہیں طیب و طاہر بھی کہا گیا) حضرت خدیجہؓ سے تھے، جبکہ حضرت ابراہیمؓ حضرت ماریہ قبطیہؓ سے پیدا ہوئے، اور سب بچپن میں وفات پا گئے۔
قرآنِ مجید کی آیتِ حجاب (الاحزاب: 59) میں "بناتک" کے جمع صیغے سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ نبی ﷺ کی ایک سے زائد بیٹیاں تھیں۔
5۔ شیعہ علما کا اختلافی موقف
بعض شیعہ علما کے نزدیک زینبؓ، رقیہؓ اور ام کلثومؓ نبی ﷺ کی حقیقی بیٹیاں نہیں بلکہ حضرت خدیجہؓ کی بہن ہالہ کی بیٹیاں تھیں جو ان کی کفالت میں رہیں۔ اس موقف کی بنیاد عموماً ابوالقاسم کوفی کی الاستغاثہ جیسی کتابوں میں ملتی ہے. یہ بحث محض تاریخی استدلال کی نہیں بلکہ مسلکی شناخت سے بھی جڑی ہوئی ہے، اس لیے فریقین کے مآخذ کو اپنے سیاق میں سمجھنا ضروری ہے۔
6۔ مستشرقین اور غیر مسلم محققین کا نقطۂ نظر:
ولیم مونٹگمری واٹ:واٹ نے اپنی کتب Muhammad at Mecca اور Muhammad at Medina میں ابتدائی مسلم مآخذ کو بنیاد بنایا اور عمومی طور پر خدیجہؓ کے ہاں متعدد اولاد کے بیان کو قابلِ اعتماد مانا۔ وہ بیٹیوں کی تعداد پر کوئی متبادل نظریہ پیش نہیں کرتے۔
ہنری لامنس:لامنس نے Fatima et les filles de Mahomet (1912) میں ابتدائی روایات کا شدید تنقیدی جائزہ لیا اور دعویٰ کیا کہ حضرت فاطمہؓ کے بارے میں روایات پر بعد کی سیاسی و مسلکی دلچسپیاں اثر انداز ہوئیں۔ ان کی تحقیق کا لہجہ مسلم علما کے نزدیک حد سے زیادہ شک پر مبنی اور بعض مقامات پر جانبدار ہے، اور خود مغربی محققین نے بھی ان کے بعض نتائج سے اختلاف کیا ہے۔
لیونے کیتانی:کیتانی نے اپنی Annali dell'Islam میں روایات کے باہمی تضادات کی نشاندہی کی اور سنین کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے، مگر چار بیٹیوں کے بنیادی بیان کی جگہ کوئی مضبوط تاریخی متبادل پیش نہیں کیا۔
مجموعی رجحان:
مغربی تاریخ نگاری میں عام رجحان یہ ہے کہ قدیم ترین دستیاب مآخذ کو ابتدائی نقطۂ آغاز مانا جائے اور بعد کے مسلکی بیانات کو ثانوی حیثیت دی جائے۔ اسی بنا پر شیعہ موقف کو عموماً ایک اقلیتی مسلکی تعبیر کے طور پر بیان کیا جاتا ہے، نہ کہ مغربی علمی اتفاقِ رائے کے طور پر۔
نتائج :
1. مآخذ کی قدامت: چار بیٹیوں کا بیان قدیم ترین دستیاب تصنیفات میں موجود ہے، جبکہ متبنیٰ والا بیان بعد کے مخصوص ماحول میں ملتا ہے۔
2. حضرت فاطمہؓ کا نمبر: قدیم مآخذ میں حضرت فاطمہؓ چوتھی اور سب سے چھوٹی صاحبزادی ہیں۔
3. مسلکی اثرات:اہل تشیع کے بیانات میں مسلکی ماحول کا اثر نظر آتا ہے، جس کی غیر جانب دار تاریخ سے تصدیق نہیں ہوتی۔خود شیعہ علما میں بھی محقق علما نے اس بیان کو قبول نہیں کیا۔صولِ کافی (کلینی)باب "مولد النبی ﷺ" میں حضرت خدیجہؓ سے نکاح اور ان کی اولاد کا ذکر ہے۔ اس روایت کے مطابق بعثت سے پہلے القاسم، رقیہ، زینب اور ام کلثوم پیدا ہوئے، اور بعثت کے بعد الطیب، الطاہر اور فاطمہؓ۔ یہ شیعہ حدیث کی بنیادی کتاب ہے۔
بعض امامی کتبِ تاریخ و سیرت میں، مثلاً شیخ مفید کی الارشاد اور طبرسی کی اعلام الوری، حضرت خدیجہؓ کی اولاد میں بیٹیوں کا ذکر آتا ہے۔
حضرت عثمانؓ کے نکاح کا ذکر بعض شیعہ مآخذ میں ملتا ہے، اور حضرت علیؓ کے زمانے کے حوالوں میں بھی نبی ﷺ کی دیگر بیٹیوں کے ناموں کا ذکر ہے۔
قدیم عربی مآخذ • ابن ہشام، السیرۃ النبویۃ (بروایت ابن اسحاق) • ابن سعد، الطبقات الکبریٰ • بلاذری، انساب الاشراف • طبری، تاریخ الرسل والملوک • ابن عبدالبر، الاستیعاب فی معرفۃ الاصحاب • ابن حجر عسقلانی، الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ شیعہ مصادر • ابوالقاسم کوفی، الاستغاثہ • سید جعفر مرتضیٰ عاملی، الصحیح من سیرۃ النبی الاعظم مستشرقین اور جدید تحقیق • W. Montgomery Watt, Muhammad at Mecca; Muhammad at Medina • Henri Lammens, Fatima et les filles de Mahomet (1912) • Leone Caetani, Annali dell'Islam