(+92) 319 4080233
کالم نگار

عبدالقادر ہزاروی

عبدالقادر ہزاروی

پروفائل | تمام کالمز
2026/06/07
موضوعات
حدیثِ جبرائیل اوراے آئی
عبدالقادر ہزاروی آج کل مصنوعی ذہانت (AI) سیکھنے والے بہت سے احباب مجھ سے ایک سوال بار بار کرتے ہیں کہ پرامپٹ انجینئرنگ (Prompt Engineering) کیسے سیکھی جائے؟ اس کے اصول کیا ہیں؟ اس کا فارمولا کیا ہے؟ کوئی مختصر اور آسان طریقہ بتا دیں جس سے ہم بہتر پرامپٹ لکھنا سیکھ جائیں۔

میرا جواب عموماً یہ ہوتا ہے کہ اگر آپ اے آئی کی دنیا میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے یہ سمجھ لیجیے کہ اے آئی کا بڑا حصہ صحیح سوال پوچھنے پر قائم ہے۔ جتنا واضح، منظم اور مقصد کے مطابق آپ سوال کریں گے، اتنا ہی بہتر جواب حاصل کریں گے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اے آئی کا اصل ہنر صرف جواب لینا نہیں بلکہ سوال کرنا سیکھنا ہے۔

اگر پرامپٹ انجینئرنگ کو اسلامی نقطۂ نظر سے سمجھنا ہو تو میں طلبہ کو حدیثِ جبرائیل کی طرف متوجہ کرتا ہوں۔ یہ وہ مشہور حدیث ہے جس میں حضرت جبرائیل علیہ السلام انسانی شکل میں حاضر ہوئے، رسول اللہ ﷺ کے سامنے ادب سے بیٹھے اور پھر ایک ترتیب کے ساتھ سوالات کیے۔ پہلے اسلام کے بارے میں پوچھا، پھر ایمان کے بارے میں، پھر احسان کے بارے میں، پھر قیامت اور اس کی علامات کے متعلق استفسار کیا۔ ہر سوال واضح، متعین اور اپنے مقصد کے اعتبار سے مکمل تھا، اس لیے ہر جواب بھی جامع اور رہنمائی سے بھرپور تھا۔

حدیث کے آخر میں رسول اللہ ﷺ نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو بتایا کہ یہ جبرائیل علیہ السلام تھے جو تمہیں تمہارا دین سکھانے آئے تھے۔ گویا تعلیم کا ایک اہم اصول یہ بتایا گیا کہ صحیح علم حاصل کرنے کے لیے صحیح سوال کرنا ضروری ہے۔ سوال جتنا بہتر ہوگا، جواب بھی اتنا ہی بہتر اور مفید ہوگا۔

یہی اصول آج اے آئی کی دنیا میں "پرامپٹ انجینئرنگ" کے نام سے معروف ہے۔ جب آپ اے آئی سے بات کریں تو حدیثِ جبرائیل کے انداز کو سامنے رکھیں۔ مبہم اور منتشر سوالات کے بجائے واضح مقصد بیان کریں، مطلوبہ انداز متعین کریں، پس منظر فراہم کریں اور جو نتیجہ درکار ہو اسے کھول کر بیان کریں۔ آپ حیران ہوں گے کہ جواب کا معیار کئی گنا بہتر ہو جائے گا۔

اس لیے اگر کوئی مجھ سے پوچھے کہ پرامپٹ انجینئرنگ کا سب سے آسان فارمولا کیا ہے تو میں یہی کہوں گا کہ حدیثِ جبرائیل کا اسلوبِ سوال سمجھ لیجیے۔ ہمارے اساتذہ کرام پہلے ہی دن اس حدیث کے جو فوائد بیان کرتے ہیں، اگر وہ ذہن نشین ہو جائیں تو پرامپٹ انجینئرنگ کا ایک بڑا حصہ خود بخود سمجھ میں آ جاتا ہے۔ آخرکار اے آئی بھی اسی اصول پر کام کرتی ہے کہ آپ جتنا اچھا سوال کریں گے، اتنا ہی اچھا جواب حاصل کریں گے۔

حدیثِ جبرائیل ہمیں صرف دین ہی نہیں سکھاتی بلکہ مؤثر سوال کرنے کا فن بھی سکھاتی ہے، اور یہی فن آج کے دور میں اے آئی سے بہترین استفادے کی بنیاد ہے۔

مأخَذ

سوشل میڈیا سے انتخاب

کالم نگار : عبدالقادر ہزاروی
| | |
37