(+92) 319 4080233
کالم نگار

انعام اللہ کاکڑ ولد شفاعت اللہ،شریک کلیہ ابلاغ عامہ،جامعہ بنوریہ عالمیہ،کراچی

انعام اللہ کاکڑ ولد شفاعت اللہ،شریک کلیہ ابلاغ عامہ،جامعہ بنوریہ عالمیہ،کراچی

پروفائل | تمام کالمز
2026/05/23
موضوعات
معاشرے کی اصلاح
معاشرےکی اصلاح ایک دلکش خواب ہے، جو انسان کے دل کی سب سے گہری آرزوؤں کا عکس ہے۔ یہ خواب اُس وقت حقیقت کا روپ دھارتا ہے جب انسانیت کے بلند ترین اوصاف محبت، ایثار، اور باہمی احترام زندگی کے ہر پہلو کو روشن کرتے ہیں۔ جس طرح ایک باغ پھولوں کی خوشبو اور رنگینی سے مہکتا ہے، اُسی طرح معاشرتی خوبصورتی ہر فرد کی نیکی، کردار کی پاکیزگی اور دوسروں کے لیے خیرخواہی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔
پہلا قدم
معاشرتی اصلاح کا پہلا قدم فرد کی ذاتی اصلاح ہے۔ جب ہر شخص اپنے دل و دماغ کو خیر، صداقت اور دیانت کے زیور سے مزین کرتا ہے، تبھی وہ معاشرتی خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ جس طرح ہر قطرہ سمندر کی گہرائی اور وسعت میں اضافہ کرتا ہے، اسی طرح ہر فرد کی نیک نیتی اور اخلاقی بلندی معاشرتی اصلاح کی بنیادوں کو مضبوط کرتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ معاشرتی خوبصورتی کی گہری رنگت اخلاقیات، محبت اور برداشت سے اُبھرتی ہے۔ جب ہم دوسروں کے لیے خیرخواہی کے جذبات رکھتے ہیں اور دلوں میں اخلاص و نرمی پیدا کرتے ہیں، تو یہی معاشرہ حسن و خوبی کی زندہ مثال بن جاتا ہے۔ انصاف، رواداری اور مساوات کے اصول، جیسے نخلستان کی ٹھنڈی چھاؤں، معاشرتی تعلقات کو مضبوطی اور زندگی بخشتے ہیں۔ معاشرتی ترقی کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ یہ خلوص و ایثار پر مبنی ہوتی ہے۔ جب ایک شخص دوسرے کی بھلائی اور فلاح کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیتا ہے، تو نہ صرف اس کے اپنے دل کو سکون ملتا ہے بلکہ معاشرہ بھی خوشیوں سے مہک اٹھتا ہے۔ یہ وہ دائمی خوشبو ہے جو انسان کی عظیم قدروں اور محبت سے پروان چڑھتی ہے، اور اس کے ہر گوشے میں انسانیت کی عظمت کا نغمہ گونجتا ہے۔ معاشرتی کمال تب حاصل ہوتا ہے جب انسان اپنی زندگی کو دوسروں کے لیے روشنی اور امید کا منبع بناتا ہے۔ جب دلوں میں خدا کا خوف اور انسانوں سے بے لوث محبت پیدا ہوتی ہے، تو معاشرہ ایسا چمکتا ہوا آئینہ بن جاتا ہے جس میں دنیا حسن و خوبی کا جلوہ دیکھتی ہے۔
خوشحالی کی کنجی:
اگر ہر فرد کی سوچ، عمل اور جذبات میں اخلاص اور محبت غالب ہوں، تو معاشرتی ہم آہنگی اور خوشحالی خود بخود وجود میں آجاتی ہے۔ معاشرتی اصلاح کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ ہر شخص اور ہر چیز کو اُس کے مرتبے اور مقام پر رکھا جائے۔ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا: "لوگوں کو ان کے مرتبے پر رکھو" (سنن ابی داؤد، حدیث نمبر 4842)۔ عربی کا مقولہ ہے: "وضع الشیء فی غیر محلہ ظلم"، یعنی ہر چیز کو اُس کے صحیح مقام پر نہ رکھنا ظلم ہے۔ ہمیں یہی تعلیم رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے دی ہے کہ ہر فرد کو اس کی حیثیت کے مطابق عزت دی جائے اور ہر چیز کو اس کے مقام پر رکھا جائے۔ معاشرتی اصلاح کا سفر طویل ضرور ہے، لیکن دلکش بھی ہے۔ اس سفر کی راہیں انمول ہیں، جہاں ہر قدم محبت، اخلاقیات اور بھائی چارے کے درخشاں چراغوں سے روشن ہے۔ جب یہ روشنیاں ہمارے دلوں کو منور کرتی ہیں، تو معاشرہ ایک خوبصورت، پُرامن اور خوشحال تصویر کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

کالم نگار : انعام اللہ کاکڑ ولد شفاعت اللہ،شریک کلیہ ابلاغ عامہ،جامعہ بنوریہ عالمیہ،کراچی
| | |
3453