(+92) 319 4080233
کالم نگار

فیض الرحمٰن، کراچی

فیض الرحمٰن، کراچی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
خلیفۂ اوّل حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ امت کے پہلے خلیفہ ہیں۔آپ رضی اللہ عنہ کا نام عبداللہ، لقب صدّیق و عتیق اور کنیت ابوبکر تھی۔آپ رضی اللہ عنہ لقب ہی سے مشہور ہوئے۔

ایک مرتبہ آپ رضی اللہ عنہ، آپ علیہ السلام کے ساتھ تشریف فرما تھے کہ اسی دوران جبرائیل امین حاضر ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جبرائیل امین سے پوچھا:“اے جبرائیل! یہ کون ہیں؟”

جبرائیل نے عرض کیا: “یہ ابوبکر صدیق ؓ ہیں۔”

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “تم انہیں کیسے جانتے ہو؟”

جبرائیل نے عرض کیا:“اے اللہ کے رسول! عرش کے نزدیک ان کا نام عتیق اور زمین پر صدّیق ہے، میں نے یہی نام وہاں سے سنے ہیں۔”

آپ رضی اللہ عنہ نہایت خوبصورت اور حسین و جمیل تھے۔ امّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ ایک مرتبہ حضور علیہ السلام نے فرمایا:“أبُو بَکْرٍ عَتِیقٌ مِنَ النَّارِ”

یعنی اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو جہنم کی آگ سے نجات عطا فرمائی ہے، اسی دن سے آپ کا لقب عتیق مشہور ہوگیا۔

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ آپ علیہ السلام کے نہایت قریبی اور محبوب دوست تھے۔ زمانۂ جاہلیت میں بھی آپ رضی اللہ عنہ کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے گہرا دوستانہ تعلق رہا، اور انہی دنوں آپ نے آپ علیہ السلام کے ساتھ تجارت کے کئی سفر کیے۔

جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت عطا ہوئی اور آپ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کو اسلام کی دعوت دی تو آپ رضی اللہ عنہ بلا تردد اسلام لے آئے۔

آپ رضی اللہ عنہ نہایت سخی تھے۔ اپنا سارا مال آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان کردیا۔غزوۂ تبوک کے موقع پر جب چندے کا اعلان ہوا تو آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے گھر کا سارا سامان لاکر قدموں میں رکھ دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا:“اے ابوبکر! گھر میں کیا چھوڑ کر آئے ہو؟”

عرض کیا:“اللہ اور اس کے رسول کا نام!”

اسی کواقبال ؒ نے یوں بیان کیاہے؎

پروانے کو چراغ تو بلبل کو پھول بس

صدیق کے لیے ہے خدا کارسول بس

آپ رضی اللہ عنہ وہ واحد صحابی ہیں جن کے ماں، باپ، اولاد سب مشرف بہ اسلام ہوئے۔

جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کا وقت قریب ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم فرمایا:“مُرُوا أبا بَکرٍ فَلْیُصَلِّ بالنّاسِ”

یعنی ابوبکر سے کہو کہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد اجماعِ امت سے آپ رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے پہلے خلیفہ منتخب ہوئے۔

آپ رضی اللہ عنہ انبیاء علیہم السلام کے بعد سب سے افضل ترین شخصیت ہیں۔یہ مرتبہ اس وجہ سے نہیں کہ آپ نماز، روزہ یا صدقاتِ نافلہ زیادہ کرتے تھے—بعض صحابہ عبادت میں آپ سے آگے تھے—بلکہ اس لیے کہ آپ کے دل میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ اسی لیے ہمیشہ اپنی جان حضور علیہ السلام پر نچھاور کرنے کے لیے تیار رہتے تھے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد طرح طرح کے فتنے اٹھ کھڑے ہوئے۔عرب کے بعض قبائل زکوٰۃ کے منکر ہوگئے اور کہنے لگے کہ “ہم نماز پڑھیں گے مگر زکوٰۃ نہیں دیں گے۔”

بعض قبائل کے سرداروں نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کر دیا، اور کچھ قبائل مرتد ہوگئے۔آپ رضی اللہ عنہ نے سب کے خلاف علمِ جہاد بلند کیا۔بعض کبار صحابہ نے رائے دی کہ ابھی مقابلہ نہ کیا جائے، تو آپ رضی اللہ عنہ نے وہ تاریخی جملے ارشاد فرمائے:“خدا کی قسم! اگر وہ ایک رسی بھی روکیں گے جو رسول ﷺ کے زمانے میں دیا کرتے تھے تو میں ان سے قتال کروں گا!”

آپ رضی اللہ عنہ کے بروقت اور جری فیصلوں نے امت کو انتشار سے بچا لیا اور تمام فتنوں کا خاتمہ ہوگیا۔

آخر میں بجا فرمایا:“آج ضرورت اس امر کی ہے کہ امت، ابو بکر صدیقؓ کی بصیرت، فیصلے اور غیر متزلزل ایمان سے سیکھے؛ یہی راستہ ہمیں دوبارہ سیدھا کھڑا کر سکتا ہے۔”

کالم نگار : فیض الرحمٰن، کراچی
| | |
46