ایک "استاد" سے پوچھا گیا کہ بچے کو مار کر کیوں پڑھاتے ہو؟ کہنے لگا کہ پِٹ پِٹ کر پڑھا ہے تو پیٹ پیٹ کر پڑھائیں گے ؟ انا للہ !
کیا تعلیم قرآن کریم کے لئے یہی رویہ رہ گیا ہے؟ کیا قرآن کریم سکھاتے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مارنا ثابت ہے؟ کیا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ایسا کوئی عمل منقول ہے ؟ مرشدی عارف باللہ حضرت واصف منظور صاحب نور اللہ مرقدہ فرماتے تھے کہ "سمجھ نہیں آتا کہ دنیا بھر کے بچے بغیر پٹائی کے قرآن پڑھ لیتے ہیں، پاکستان میں بغیر پٹائی کے کیوں نہیں پڑھ سکتے؟ ارباب مدارس اور ذمہ دارانِ تعلیم اس پر فکر کریں اور ایسی "استاد" صاحبان کا ہر ادارہ میں تقرر روک دیں جو "آداب تعلیم" اور "اخلاق تدریس" سے وابستہ نہ ہو، ورنہ یہ معاشرہ مزید دین سے دور ہوگا، قرآن کریم سے بھاگے گا، علوم نبوت سے تنفر پیدا ہوگا، یہ روش ہر ادارہ میں ختم کی جائے، اس کی نہ بنین کے مدرسہ میں اجازت ہو اور نہ بنات کے اداروں میں، کسی بھی "استاد" چاہے وہ مرد ہے یا خاتون ہے، اس کو کسی بھی قسم کے جبر، شدت پسندی، نازیبا سزا، سخت گیر رویہ، مارکٹائی، حد سے تجاوز کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، بچے قوم کی امانت ہیں، امت کا مستقبل ہیں، ان کو خیر خواہی، محبت، پیار اور ترغیب کے ساتھ پڑھانا ہی اصل ہے۔
نوٹ : تحریر میں ایسے پڑھانے والے کو قصداً "استاد" (بالدال) لکھا ہے "استاذ" (بالذال) سے ایسی توقع نہیں ہوتی، کیونکہ "استاذ" منصب تدریس کی اہمیت جانتا ہے۔