(+92) 319 4080233
کالم نگار

-ایک قاری کاانتخاب

-ایک قاری کاانتخاب

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
مولانا فضل الرحمٰن کا بنوری ٹاؤن میں درسِ بخاری
ہمارے دورۂ حدیث والے سال مولانا ،عمران خان کی حکومت کے خلاف برسرِ پیکار تھے۔ ایک مرتبہ کسی جلسے کے سلسلے میں کراچی تشریف لائے تو جامعہ علوم اسلامیہ، بنوری ٹاؤن بھی تشریف لے آئے۔ کافی تھکے ہوئے تھے، لیکن اساتذۂ کرام کے اصرار پر ہمیں دورۂ حدیث میں درس دینے کے لیے آمادہ ہوگئے۔

جب کلاس میں تشریف لائے تو بخاری شریف کھولی اور ایک طالب علم سے عبارت پڑھنے کو کہا۔ چنانچہ طالب علم نے وہیں سے عبارت پڑھنا شروع کردی جہاں ہمارا سبق جاری تھا۔

اس وقت سبق حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی اس حدیث پر چل رہا تھا:عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهُمَا، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:«الْكَرِيمُ، ابْنُ الْكَرِيمِ، ابْنِ الْكَرِيمِ، ابْنِ الْكَرِيمِ، يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ بْنِ إِسْحَاقَ بْنِ إِبْرَاهِيمَ عَلَيْهِمُ السَّلَامُ»

طالب علم نے حدیث مکمل کی تو مولانا نے اس کا ترجمہ کیا اور تشریح کرتے ہوئے فرمایا:ہمارے ملک میں آج کل موروثیت کے خلاف جو نعرہ لگایا جا رہا ہے، یہ دراصل مغرب کا تصور ہے، جہاں انساب اور خاندانی نسبتوں کو وہ اہمیت حاصل نہیں جو اسلامی معاشرے میں ہے، بلکہ مغرب میں تو سرے سے انساب ہی محفوظ نہیں ہیں۔ اسلام نے نسب اور خاندانی نسبت کو اہمیت دی ہے، جیسا کہ اس حدیث سے واضح ہوتا ہے۔

چنانچہ اگر کسی شخص میں اہلیت بھی ہو اور اسے خاندانی نسبت بھی حاصل ہو تو اسے ایسے شخص پر ترجیح دی جا سکتی ہے جس میں صرف اہلیت ہو؛ کیوں کہ نسبت کی اپنی برکت اور اہمیت ہوتی ہے۔

اس کی مثال دیتے ہوئے فرمایا کہ ان انبیائے کرام کے پیروکاروں میں بھی بہت سے نیک لوگ ہوں گے، لیکن نبوت کا تاج انہی کے سر سجا جن میں صالحیت اور صلاحیت کے ساتھ یہ مبارک نسبت بھی موجود تھی۔

لہٰذا آج بھی اگر کسی شخص میں صالحیت اور صلاحیت موجود ہو اور اسے کوئی خاندانی نسبت بھی حاصل ہو، جس کی بنیاد پر اسے کسی عہدے یا منصب پر فائز کیا جائے، تو مغرب سے درآمد شدہ موروثیت کے نعرے سے مرعوب ہوکر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ اطمینان رکھنا چاہیے کہ ان شاء اللہ ایسا شخص کسی دوسرے شخص کے مقابلے میں زیادہ مفید ثابت ہوگا۔

اس درس میں بنوری ٹاؤن کے دورۂ حدیث کے اساتذۂ کرام، ناظمِ تعلیمات اور اس وقت کے نائب مہتمم مولانا سید سلیمان یوسف بنوری بھی تشریف فرما تھے، جوکہ بعد میں حضرت ڈاکٹر صاحب کی وفات کے بعد منصبِ اہتمام پر فائز ہوئے۔

حدیث سے موروثیت کے خلاف جاری بیانیے پر استدلال اور اس کی یہ برجستہ تشریح سن کر طلبہ و اساتذہ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ مولانا نے اپنا درس مکمل کیا، اپنی دیگر مصروفیات اور تھکاوٹ کا عذر بیان کیا، دعا کروائی اور وہاں سے تشریف لے گئے۔

مأخَذ

سوشل میڈیا سے انتخاب

کالم نگار : -ایک قاری کاانتخاب
| | |
32