میاں بیوی کو ازدواجی زندگی کی گاڑی کے دو پہیے کہا جاتا ہے اور یہ بات سچ بھی ہے کہ سفر دونوں کے توازن سے ہی طے ہوتا ہے، مگر عملی زندگی کا منظر کبھی کبھی مختلف دکھائی دیتا ہے، کہیں شوہر دھکا لگاتا نظر آتا ہے، کہیں بیوی، اور گاڑی پھر بھی کھنچتی چلی جاتی ہے، تب یہ سوال اٹھتا ہے کہ ایک ہی پہیے کے زور پر عمر بھر کا سفر کیوں؟ یہ سوال دل کی گہرائی سے اٹھتا ہے، اس لئے اس سے آنکھ بند کرلینا بھی مناسب نہیں بلکہ اس پر ٹھہر کر سوچنا ضروری ہے۔
*① برابری: مثالی صورت اور زمینی حقیقت:
اللہ تعالیٰ نے نکاح کا مقصد سکون، محبت اور رحمت بتایا ہے: «وَمِنْ آيَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُم مَّوَدَّةً وَرَحْمَةً» (الروم: 21)۔ سو میاں بیوی کو زندگی کے دو پہیوں سے تعبیر دینا ایک "مثالی تصویر" ہے، تاہم یہ حقیقت بھی مسلّم ہے کہ دنیا میں کوئی پہیہ پیدائشی طور پر مکمل "ہوا" کے ساتھ نہیں آتا، مزاج کی تلخی، عمر کا فرق، تربیت کی کمی اور حالات کے تھپیڑے ہوا ہر روز تھوڑی تھوڑی نکالتے رہتے ہیں، سمجھ دار ڈرائیور پنکچر دیکھ کر گاڑی کھڈوں میں نہیں ڈالتا، بلکہ پہلے ہوا بھرتا ہے اور پنکچر لگواتا ہے، پھر چلاتا ہے، اس ہوا بھرنے کا نام ہی "حسنِ معاشرت" ہے۔
*② ہوا بھرنے کے تقاضے: دونوں کی ذمہ داری:
*➊ مرد کی ذمہ داری:
قرآن نے مرد کو "قوّام" بنایا ہے: «الرِّجَالُ قَوَّامُونَ عَلَى النِّسَاءِ بِمَا فَضَّلَ اللهُ بَعْضَهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ وَبِمَا أَنفَقُوا مِنْ أَمْوَالِهِمْ» (النساء: 34)، قوامیت صرف زبانی حکمرانی کا نام نہیں ہے بلکہ عملی کفالت اور نگہبانی کا نام ہے، اسی لئے رسول اللہ ﷺ نے نکاح کو استطاعت سے جوڑا: «يَا مَعْشَرَ الشَّبَابِ، مَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكُمُ الْبَاءَةَ فَلْيَتَزَوَّجْ... وَمَنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَعَلَيْهِ بِالصَّوْمِ فَإِنَّهُ لَهُ وِجَاءٌ» (بخاری: 5066، مسلم: 1400) مطلب یہ ہے کہ جو شخص ذمہ داری اٹھا سکتا ہو وہی اس سفر پر نکلے، اور نکلے تو "نرمی" کو اپنا شعار بنائے: «وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ فَإِن كَرِهْتُمُوهُنَّ فَعَسَىٰ أَن تَكْرَهُوا شَيْئًا وَيَجْعَلَ اللهُ فِيهِ خَيْرًا كَثِيرًا» (النساء: 19) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: «خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ وَأَنَا خَيْرُكُمْ لِأَهْلِي» (ترمذی: 3895)
*➋ عورت کی ذمہ داری:
عورت "تعمیرِ نسل" کی معمار ہے: «وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ فِي بَيْتِ زَوْجِهَا وَمَسْؤُولَةٌ عَنْ رَعِيَّتِهَا» (بخاری: 2554) آج کی برداشت کل کی عزت بن جاتی ہے، اور سنوری ہوئی گود سے نکلی ہوئی نسل ہی بڑھاپے کا سہارا بنتی ہے، گھر بسانے کا آسان ترین راستہ شوہر کی خوش دلی کے ساتھ "فرمانبرداری" ہے جو اس معروف "دائرہ اطاعت" میں شریعت نے مقرر کیا ہے۔
*➌ مشترکہ دانائی:
زندگی ہموار شاہراہ نہیں ہے، یہاں اسپیڈ بریکر بھی آتے ہیں، کھڈے بھی، جی ٹی روڈ کی بھیڑ بھی، پھر کبھی موٹر وے کا کھلا راستہ بھی مل جاتا ہے، ان نشیب و فراز کو نبھا لے جانا ہی حسنِ معاشرت ہے، اللہ تعالیٰ نے کسی کو اس کی وسعت سے زیادہ کا مکلف نہیں ٹھہرایا: «لَا يُكَلِّفُ اللهُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَهَا» (البقرة: 286)۔
*③ پنکچر اور ٹوٹا ہوا ایکسل:
*➊ جہاں کمی ہو:
جہاں کمی، کوتاہی، مزاج کی تلخی یا ناتجربہ کاری ہو، وہاں صبر، اصلاح اور ایثار کا دھکا لگانا عبادت ہے، شرط یہ ہے کہ دوسرا فریق اسٹیئرنگ تھامے رکھے اور سمت درست رہے، ایک دھکا لگائے اور دوسرا ہاتھ سینکتا رہے تو یہ وفا نہیں، حق تلفی ہے، رشتہ دو طرفہ ذمہ داری کا نام ہے: «وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ» (البقرة: 228) یعنی حقوق بھی ہیں اور فرائض بھی، اور ایک کو صبر کی تلقین اور دوسرے کو ہر بات سے معافی نہ انصاف ہے نہ شریعت کا مزاج، گاڑی چلانے میں دونوں کا ساتھ چلنا ضروری ہے، ہر وقت ہوا نہیں بھرنی، بلکہ ٹوٹے ہوئے ایکسل کے ساتھ چلتے چلتے منزل تک پہنچنا بھی ہے۔
*➋ جہاں اصلاح کا راستہ بند ہو:
جب ظلم، ایذا رسانی یا دین و عزت کا نقصان ہو اور اصلاح کی تمام کوششیں ناکام ہوجائیں، تو شریعت نے کسی کو عمر بھر گاڑی گھسیٹنے کا پابند نہیں کیا: «فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ» (البقرة: 229)، یعنی یا بھلائی کے ساتھ روکے رکھنا یا خوبی کے ساتھ رخصت کرنا، مگر یہ آخری چارہ کار ہے، پہلا حربہ نہیں ہے، ایک روایت میں "أبغضُ الحلالِ" یعنی حلال چیزوں میں اللہ کے نزدیک سب سے ناپسندیدہ عمل "طلاق" کو قرار دیا گیا ہے (ابوداود: 2178)، کیونکہ یہ صرف دو دلوں کو نہیں بلکہ دو خاندانوں کو توڑتا ہے، اور خاندان کی ٹوٹ پھوٹ معاشرے میں بگاڑ بن کر پھیلتی ہے، اس سے امت تقسیم ہوتی ہے۔
*➌ صلح کا درمیانی دروازہ:
طلاق سے پہلے قرآن نے ایک خوب صورت دروازہ کھولا ہے: «وَإِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا فَابْعَثُوا حَكَمًا مِّنْ أَهْلِهِ وَحَكَمًا مِّنْ أَهْلِهَا إِن يُرِيدَا إِصْلَاحًا يُوَفِّقِ اللهُ بَيْنَهُمَا» (النساء: 35) کہ دونوں گھرانوں کے سمجھ دار بزرگ بیٹھ کر پہیوں کو برابر کریں، ٹوٹے ہوئے ایکسل کو بہتر کریں، یہ دونوں طرف کے اولیاء کی بڑی ذمہ داری ہے، صرف تماشائی بن کر مفت مشوروں کی دکان سجانا کام نہیں ہونا چاہیے۔
*خلاصہ:
زمینی حالات کی تصویر اور شرعی تعلیمات کا نقشہ دونوں اپنی جگہ سچ ہیں، گاڑی دونوں پہیوں سے ہی چلتی ہے، مگر ہوا ایک دن بھر کر رکھنے کی چیز نہیں، اسے روز بھرنا پڑتا ہے، اسی لئے نکاح سے پہلے دونوں کی تربیت ضروری ہے، اور نکاح کے بعد دونوں کی مسئولیت لازمی ہے، مرد کی طرف سے نرمی اور ذمہ داری، عورت کی طرف سے اطاعت اور حسنِ سلیقہ، اور دونوں کا ایک دوسرے کے لئے صبر، ایثار اور اعتدال ہی اس سفر کا اصل زادِ راہ ہے۔