(+92) 319 4080233
کالم نگار

ڈاکٹرامیرجان حقانی

ڈاکٹرامیرجان حقانی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
گلگت بلتستان میں ایک اسلامی تحقیقی مرکز
تحقیق زندگی کے ہر شعبے میں اہمیت رکھتی ہے۔اسلامی کی تعلیمات کی توضیح ، ان کی اشاعت اور دعوت و تبلیغ کے لیے تحقیق نہایت ضروری ہے۔مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اس دور میں کوئی بھی شخص مناسب تحقیق کے بغیر مؤثر گفتگو اور مدلل بات نہیں کرسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تعلیم میں تحقیق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

میں کئی سالوں سے گلگت بلتستان میں ایک اسلامی تحقیقی مرکز قائم کرنے کا خواہش مند ہوں۔ اس مقصد کے لیے مختلف دینی مدارس کے منتظمین سے بات چیت اور مشاورت بھی کی ہے، لیکن بدقسمتی سے وہ اپنے اداروں میں ایسے تحقیقی مرکز کے قیام کی اہمیت کو پوری طرح نہیں سمجھ سکے۔

ان کے پاس وسائل موجود ہیں، لیکن بظاہر تحقیق کے حوالے سے وہ مطلوبہ وژن اور سوچ نہیں رکھتے۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک وہ اس سمت میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھا سکے۔ میں نے انہیں اس نوعیت کا مرکز قائم کرنے میں اپنی معاونت پیش کرنے کی پیشکش بھی کی ہے تاہم وہ خلوص بھرا، وقت اور علم کا نذرانہ وصول کرنے میں اب تک نالاں ہیں۔مجھے اس منصوبے کی اہمیت کا بخوبی احساس ہے، لیکن بدقسمتی سے میرے پاس ذاتی طور پر ایسا ادارہ قائم کرنے کے لیے ضروری وسائل موجود نہیں ہیں۔

گلگت بلتستان میں تحقیق کے بے شمار موضوعات موجود ہیں جو سنجیدہ علمی و تحقیقی کام کے متقاضی ہیں۔ مثال کے طور پر قرآن مجید کا شینا اور دیگر مقامی زبانوں میں ترجمہ ایک اہم تحقیقی منصوبہ ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کی اسلامی تاریخ، یہاں کے علماء، مبلغین، دینی مدارس، مساجد اور مذہبی اداروں کی خدمات کو محفوظ اور مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

ہماری مذہبی تاریخ کا ایک بڑا حصہ ابھی تک غیر مدون اور غیر محفوظ ہے۔ بہت سے عظیم علماء اور دینی شخصیات دنیا سے رخصت ہوچکی ہیں اور اپنے ساتھ قیمتی علمی سرمایہ اور تاریخی یادیں بھی لے گئی ہیں۔ اگر ہم نے باقاعدہ تحقیق، تدوین اور دستاویز سازی کے ذریعے اس ورثے کو محفوظ نہ کیا تو ممکن ہے کہ آنے والی نسلیں ان شخصیات کی خدمات سے ناواقف رہ جائیں۔ یہ ہمارے لیے المیہ سے کم نہیں کہ ہم اپنے اتنے عظیم ورثے کو محفوظ نہ کر سکیں۔

میں بالخصوص پاکستان کے بڑے دینی مدارس سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ گلگت بلتستان میں اپنے کیمپس قائم کریں اور ایک منظم و معیاری اسلامی تحقیقی مرکز کے قیام کا بھی اہتمام کریں۔ایسا مرکز اسلامی تاریخ، مقامی بانوں، قرآنی تراجم، علماء کے سوانحی تذکروں، مدارس و مساجد کی تاریخ اور عصر حاضر کے دینی و سماجی مسائل پر تحقیقی کام کرسکتا ہے۔

یہ محض ایک ادارے کے قیام کا منصوبہ نہیں بلکہ ہمارے علمی، دینی اور تہذیبی ورثے میں ایک سرمایہ کاری ہے۔گلگت بلتستان کو صرف مزید دینی اداروں کی ضرورت نہیں بلکہ ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو علم پیدا کریں، تاریخ محفوظ کریں اور آنے والی نسلوں کی فکری و علمی رہنمائی کریں۔یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کیا کوئی ہے جو اس آواز کو سنے، اس وژن کو سمجھے اور اسے حقیقت کا روپ دینے کے لیے آگے بڑھے؟

کالم نگار : ڈاکٹرامیرجان حقانی
| | |
79