(+92) 319 4080233
کالم نگار

خالدحسین

خالدحسین

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
سید محمد ذوالکفل بخاری المعروف نبیل رحمۃ اللہ علیہ
سید محمد ذوالکفل بخاری المعروف نبیل 10 دسمبر 1970ء کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام پروفیسر سید محمد وکیل شاہ تھا۔ آپ کا تعلق ایک علمی و دینی گھرانے سے تھا۔ آپ برصغیر کے نامور خطیب اور امیرِ شریعت حضرت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے نواسے اور معروف عالم و محقق سید محمد کفیل شاہ بخاری کے بھائی تھے۔

آپ نے 1978ء میں جامعہ خیرالمدارس ملتان سے ناظرہ قرآن کریم مکمل کیا۔ 1986ء میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول عام خاص باغ ملتان سے میٹرک اور 1989ء میں گورنمنٹ کالج ملتان سے ایف ایس سی کی۔ بعد ازاں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے 1991ء میں گریجویشن، 1994ء میں ایم اے انگریزی، 1995ء میں بی ایڈ، 1996ء میں ایل ایل بی اور 1999ء میں ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔ 1998ء میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ٹیفل (TEFL) اور 2000ء میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد سے انگلش لینگویج ڈپلومہ بھی مکمل کیا۔

آپ نے 1996ء میں تدریسی زندگی کا آغاز کیا اور 2002ء تک گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی لیہ اور ملتان میں انگریزی کے لیکچرر رہے۔ اس دوران پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور رائز کالج ملتان میں بھی اعزازی طور پر تدریسی خدمات انجام دیں۔ 2002ء میں ڈیپوٹیشن پر سعودی عرب منتقل ہوگئے اور 2009ء تک وہاں تدریس سے وابستہ رہے۔ زندگی کے آخری ایام میں جامعہ ام القریٰ مکہ مکرمہ میں انگریزی کے پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

آپ کی شخصیت کا ایک اہم پہلو صحافت اور ادب سے وابستگی تھا۔ روزنامہ خبریں ملتان کے ادبی صفحے کے انچارج اور پندرہ روزہ الاحرار لاہور کے شریک مدیر رہے۔ روزنامہ خبریں میں ’’حرف بے آمیز‘‘ اور ’’مناسبات‘‘ کے عنوان سے ادبی و سیاسی کالم لکھتے تھے۔ اس کے علاوہ روزنامہ نوائے وقت ملتان اور ہفت روزہ چٹان لاہور میں بھی آپ کے مضامین اور تبصرے شائع ہوتے رہے۔

تصنیف و تالیف کے میدان میں 1996ء میں شائع ہونے والی ’’آپریشن خلافت‘‘ کی تدوین و ترجمے میں حصہ لیا، جبکہ 2009ء میں شائع ہونے والی اردو انگریزی لغت کے شریک مرتب بھی تھے۔ شاعری میں ’’نبیل‘‘ تخلص اختیار کرتے تھے۔ آپ کی غزلیں، نظمیں اور تحقیقی مقالات ماہِ نو، الزبیر اور نقیبِ ختم نبوت سمیت مختلف علمی و ادبی جرائد میں شائع ہوتے رہے۔

15 نومبر 2009ء بروز اتوار سعودی عرب میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں آپ کا انتقال ہوگیا۔ 16 نومبر 2009ء کو نمازِ فجر کے بعد مسجد الحرام میں آپ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ آپ کی وصیت کے مطابق مکہ مکرمہ کے تاریخی قبرستان جنت المعلیٰ میں احاطۂ بنی ہاشم کے اندر تدفین عمل میں آئی۔

اللہ تعالیٰ سید محمد ذوالکفل بخاری المعروف نبیل رحمۃ اللہ علیہ کی مغفرت فرمائے، ان کی علمی و ادبی خدمات کو قبول فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین!

کالم نگار : خالدحسین
| | |
96