(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی سفیان بلند

مفتی سفیان بلند

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
سالارِ قافلہ دعوت بھی رخصت ہوئے
16 نومبر 2026ء بروز پیر کا صبح آفتاب طلوع ہوا تو ایک ایسی خبر لے کر آیا جس نے ساری دنیا کو اندھیرے میں دھکیل دیا، وہ عظیم ہستی جس کے وجود مسعود سے لاکھوں دل جِلا پاتے تھے، وہ انہیں سوگوار چھوڑ کر مٹی میں روپوش ہوگیا، تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر، شیخ الحدیث حضرت مولانا نذر الرحمن صاحب رحمہ اللہ ستانوے برس کی عمر میں اپنے رب کے حضور حاضر ہوگئے۔إنّا لِله وإنّا إلَيْهِ راجِعُونَ إنَّ لِله ما أَخَذَ، وله ما أَعْطى، وكُلٌّ عِنْدَهُ بأَجَلٍ مُسَمًّى

کل ہی رائے ونڈ کا سالانہ تبلیغی اجتماع دعا کے ساتھ تمام کو پہنچا، قافلے ابھی اپنی منزلوں تک پہنچے بھی نہ تھے، مسافروں کے بدن سے سفر کی تھکن بھی نہ اتری تھی کہ قافلے کا سالار خود منزلِ حقیقی کی طرف کوچ کرگیا، ریلوے اسٹیشنوں پر وہ لوگ جو گھروں کو لوٹ رہے تھے، ٹکٹ منسوخ کروا رہے ہیں، ہر طرف ایک ہی صدا تھی : "ہمارے بزرگ چلے گئے، ہمیں جنازے میں پہنچنا ہے۔" یہی منظر 18 نومبر 2018ء میں قطب العالم حضرت حاجی عبدالوہاب صاحب رحمہ اللہ کے وصال پر بھی دیکھا گیا تھا۔

بِلّوال کا چراغ
1929ء میں ضلع راولپنڈی کے ایک چھوٹے سے گاؤں بِلّوال میں ایک بچہ نے آنکھ کھولی، جسے آگے چل کر لاکھوں دلوں کی ڈھارس بننا تھا،،والد حافظ غلام محی الدین صاحب نیک، دین دار اور متقی انسان تھے، حضرت پیر مہر علی شاہ گولڑوی رحمہ اللہ سے انہیں ایسی عقیدت تھی کہ آمد و رفت کے ذرائع نہ ہونے کے باوجود ساٹھ ستر میل کا فاصلہ پیدل طے کر کے گولڑہ شریف حاضر ہوتے، جس گھر کا سربراہ عقیدت کی راہ میں اتنے کوس پیدل ناپ لے، اس گھر کے بچوں کو دین کی خوشبو ورثے میں نہ ملے، یہ ممکن نہ تھا، یہی اہل اللہ سے محبت کا ثمرہ ہے۔اسی آنگن میں آپ اور آپ کے دو بھائی، حاجی حافظ فضل حسینؒ اور حافظ محمد صدیقؒ، پروان چڑھے، تینوں اپنے علاقہ میں نیکی اور شرافت کی پہچان تھے۔

*راہِ علم کا مسافر
علم کا سفر موضع بھترال میں مولانا عبدالخالق صاحب کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کرنے سے شروع ہوا، پھر مفتی عبدالحئی قریشی صاحب سے استفادہ کیا، دارالعلوم ربانیہ، بھوئی گڑھ میں پڑھا، اور مولانا فرید الدین قریشی صاحب کے علمی فیض سے سیراب ہوئے، آخر یہ مسافرِ علم ضلع گجرات کے مدرسہ خادم العلوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں میں پہنچا، جہاں شیخ الحدیث حضرت مولانا سلطان محمود صاحبؒ کے سامنے زائے تلمذ تہہ کئے اور حدیثِ نبوی کا علم حاصل کیا۔یہ وہ استاذ تھے جو شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندی رحمہ اللہ کے شاگرد تھے، یوں آپ کی علمی نسبت چند واسطوں سے شیخ الہندؒ تک جا ملتی ہے، اور آپ اس سلسلة الذہب کی ایک روشن کڑی بنے، 1949ء سے 1950ء کے درمیان آپ نے دورہ حدیث مکمل کیا۔

*منبر و محراب سے زنداں تک
1950ء میں فارغ ہو کر آپ اپنے گاؤں لوٹے تو مقامی مسجد کی امامت و خطابت آپ کے بڑے بھائی حاجی حافظ فضل حسینؒ کے پاس تھی، جب چھوٹے بھائی نے اس خدمت کی خواہش ظاہر کی تو بڑے بھائی نے خوش دلی سے مصلیٰ ان کے حوالے کردیا اور خود گوجر خان کے قریب گاؤں جاتلی کی مسجد میں جا بیٹھے، بھائیوں کا یہ ایثار اس گھرانے کی تربیت کا آئینہ ہے۔1953ء میں تحریکِ ختمِ نبوت چلی تو یہ نوجوان عالم حجرے میں بیٹھا نہ رہا، اپنے ساتھیوں کے ساتھ میدان میں آیا اور جیل کی سختیاں ہنستے ہوئے سہیں، تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ کی ناموس کے لئے جو قدم اٹھے، وہ پھر عمر بھر دین ہی کے راستے میں اٹھتے رہے۔

*مسجد در مسجد، شہر در شہر
1955ء میں آپ دارالعلوم ربانیہ، بھوئی گڑھ پہنچے اور تقریباً پانچ برس تدریس کی، پھر ٹیکسلا کی مساجد کے منبر و محراب آپ سے آباد ہوئے، واہ کینٹ کے تبلیغی مرکز مسجد ایف تھری میں دعوت کا کام کیا اور مدرسہ تعلیم القرآن ٹیکسلا میں طلبہ کو عربی زبان کے رموز سکھائے، اس کے بعد راولپنڈی آئے، جہاں ڈھوک حسو میں ڈی ایم ٹیکسٹائل ملز کی مسجد میں امامت و خطابت اور دعوت و ارشاد کا سلسلہ شروع ہوا، یعنی مزدوروں اور کارکنوں کے بیچ بیٹھ کر انہیں اللہ کی بات سنائی۔پھر مسجد زکریا تبلیغی مرکز راولپنڈی سے وابستگی ہوئی اور تقریباً دس برس تعلیم، دعوت و تبلیغ اور اصلاحِ معاشرہ آپ کا اوڑھنا بچھونا رہے، جہاں آپ نے طے کرلیا کہ اب زندگی کا ہر لمحہ اللہ کے راستے میں لگانا ہے۔

*رائے ونڈ مرکز، آخری پڑاؤ
آپ پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی بیس افراد میں شمار ہوتے تھے، 1971ء میں آپ کا تقرر رائے ونڈ کے عالمی تبلیغی مرکز میں مدرس اور مقیم کی حیثیت سے ہوا، آپ نے پہلے مرکز کے حالات اور نظام کا جائزہ لیا، پھر وہاں مستقل قیام کا فیصلہ کر لیا، اور وہ فیصلہ ایسا ہوا کہ پچپن برس سے زیادہ عرصہ، یعنی عمر کے بہترین اور آخری سب ایام، اسی مرکز کی مٹی میں گھلتے رہے۔یہاں آپ نے درس و تدریس بھی کی، تبلیغی کام میں بھی بھرپور حصہ لیا، اور حضرت حاجی عبد الوہاب صاحب رحمہ اللہ کی رفاقت میں طویل عرصہ مختلف ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مرکز کے اکابر میں شمار ہونے لگے، نام و نمود سے آپ کو کوئی نسبت نہ تھی، دنیا کے ہنگاموں سے دور خاموش گوشہ نشینی آپ کا مزاج تھی، اور لمبی تقریروں کے بجائے مختصر مگر دل میں اترجانے والی بات آپ کا اسلوب خاص تھا۔

*امانت کا بارِ گراں
حاجی عبد الوہاب صاحب رحمہ اللہ نے اپنی وصیت میں آئندہ قیادت کے لئے آپ کا نام شامل کیا اور یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ ان کی نمازِ جنازہ آپ پڑھائیں، 18 نومبر 2018ء کو جب وہ دنیا سے رخصت ہوئے تو لاکھوں سوگواروں کے سامنے آپ نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی، پھر ذمہ داروں نے باہمی مشاورت سے پاکستان میں تبلیغی جماعت کی امارت آپ کے سپرد کردی۔تقریباً آٹھ برس آپ نے اس عالمی دعوتی قافلے کی سرپرستی کی، امارت ملی تو سادگی میں ذرا فرق نہ آیا، لوگ رائے ونڈ مرکز آتے تو آپ کی تقریر کم سنتے، آپ کی نماز زیادہ دیکھتے، اور اسی کو دیکھ کر اپنے ایمان کو تازگی دیتے، آپ کا اتباع سنت بہت معروف تھا۔

*سجدوں کا عاشق
جو لوگ رائے ونڈ مرکز کثرت سے آتے رہے، انہیں آپ کا طولِ قیام یاد ہے، بڑھاپے کی نحیف جان، مگر قیام اتنا طویل کہ بڑے بڑے جوان اور توانا لوگ اپنی ہمت پر شرمندہ ہو جاتے، آخر زمانے میں معالجین نے زمین پر سجدہ کرنے سے روکا تو آپ اپنے خدمت گاروں سے ناراض ہوگئے کہ سجدہ تو میں زمین ہی پر کروں گا، جس پیشانی کو برسوں زمین کی ٹھنڈک نصیب رہی ہو، اسے کسی اور سہارے پر جھکنا کیسے گوارا ہوتا؟شدید کمزوری کے باوجود آپ رائے ونڈ کے سالانہ اجتماعات میں پابندی سے شریک ہوتے رہے، آپ کے مختصر اور پر اثر بیانات سے لاکھوں دلوں کا رخ اللہ کی طرف مڑتا رہا، آپ کا شمار خواجہ خواجگان حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب رحمہ اللہ کے اجل خلفاء میں ہوتا تھا۔

*اور قافلہ منزل کو پہنچا
اس زندگی کا آخری باب بھی ویسا ہی بامعنی نکلا جیسی پوری زندگی تھی، سال بھر کی محنت کے بعد اجتماع کے دونوں مرحلے آپ کی سرپرستی میں بخیر و خوبی مکمل ہوئے، دعا ہوئی، لوگ رخصت ہوئے، اور اگلی صبح یہ سالار بھی رخصت ہوگیا، گویا ذمہ داری آخری سانس تک نبھائی اور امانت ادا کر کے وہ چلا گیا، جس پنڈال سے لوگ دعا کر کے لوٹے تھے، وہی پنڈال اگلے دن انہیں جنازے کے لئے واپس بلا رہا ہے۔یہ ایک عہد کا تمام ہے مگر آپ کی سادگی، علم، تقویٰ، للّٰہیت اور دعوتِ دین کی خوشبو مدتوں فضاؤں میں رچی بسی رہے گی۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اپنے اس بندے کی کامل مغفرت فرمائے، اس کے درجات بلند فرمائے، اس کی دینی و دعوتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اس کی قبر کو نور سے بھر دے، پسماندگان اور پوری امت کو صبرِ جمیل عطا فرما، امت کو فتنوں سے محفوظ رکھ، اور ہمیں ان اکابر کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔ آمین!

چند دعوتی ملفوظات
*① ایمانِ کامل
حضور اکرم ﷺ کی محنت کیا تھی؟ آپ ﷺ کی محنت یہ تھی کہ ایمان کامل ہو، دل میں ایمانِ کامل ہو۔ ایمان ناقص ہوگا تو انسان کامیاب نہ ہوگا۔اللہ تعالیٰ نے حضرت مولانا محمد الیاس صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ اور مولانا محمد یوسف صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ پر یہی بات کھولی کہ اعمال پر آنے کے لئے ایمانِ کامل کی ضرورت ہے، ضعفِ ایمان کے ساتھ دین پر آنا مشکل ہے، ایمان دل میں دعوت سے آئے گا۔ایمان کے بول تو یہ ہیں کہ سب کچھ اللہ تعالیٰ سے ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے نہیں ہوتا، مگر صرف بول سے کام نہیں چلے گا، کیونکہ ایمان کا محل دل ہے، دل میں ایمان چار راستوں سے آئے گا:

➊ زبان سے کہنے سے

➋ کان سے سننے سے

➌ دماغ سے سوچنے سے

➍ آنکھ سے دیکھنے سے

یہ چاروں راستے اللہ کے غیر سے پاک ہوں، اگر ان چاروں راستوں کو اللہ کے غیر میں استعمال کیا تو ایمان تو آ جائے گا، مگر ایمانِ کامل نہ ہوگا۔

*② دل کی تصدیق
حضرت مولانا محمد یوسف صاحب رحمہ اللہ فرماتے تھے کہ دل کی تصدیق سے اللہ تعالیٰ اندر ایسی لہر اٹھائیں گے جس کی برکت سے غیر کا تاثر نکل جائے گا، اس لئے کسی عامی کی بات بھی سنیں تو دل سے اندر ہی اندر تصدیق کریں کہ یہ حق ہے، یہ سچ ہے۔لہٰذا اپنے دل پر محنت کریں: دن میں دعوت دے کر اور رات کو اٹھ کر اللہ سے مانگ کر۔

*③ دل کی اصلاح اور دعوت
یہ بات یقینی ہے کہ آدمی میں دعوت کے ذریعہ دینی صلاحیت بڑھتی ہے، دل اگر ٹھیک ہو جائے تو سارا بدن ٹھیک ہو جائے، حدیث میں آتا ہے: «إِذَا صَلَحَتْ صَلَحَ الْجَسَدُ كُلُّهُ، وَإِذَا فَسَدَتْ فَسَدَ الْجَسَدُ كُلُّهُ، أَلَا وَهِيَ الْقَلْبُ» اب دل میں ایمان اور یقین آ جائے، مال اور اسباب کا یقین نکل جائے، اس کے لئے ذریعہ دعوت ہے، یہ اسی کی محنت ہے۔

*④ ضعفِ ایمان اور دعوت
اللہ تعالیٰ نے حضرت مولانا محمد الیاس صاحب رحمہ اللہ پر یہی کھولا کہ آج مسلمانوں میں جو دینی اعتبار سے کمی ہے، وہ ضعفِ ایمان کی وجہ سے ہے، حضرت مولانا محمد الیاس صاحب رحمہ اللہ نے اسی لئے اس کام کو شروع کیا۔اس میں دعوت اس لئے کہ دعوت حضور ﷺ والا کام ہے، کلمہ کے پہلے جزو میں اللہ کی معرفت کا کلمہ ہے، دوسرے جزو میں حضور ﷺ کی اتباع کا کلمہ ہے، اس کا حاصل ہو جانا ایمان کا کمال ہے۔اگر کوئی ضعیف الإيمان سن لے کہ میرے گھر پر بم پڑ گیا ہے تو وہیں اس کا پیشاب نکل جائے گا، ایمان کا کمال دعوت سے حاصل ہوتا ہے، اسی پر محنت ہے، تو اس پر خود بھی آنا ہے اور سب کو لانا ہے۔

*⑤ دل کی نجاست
دل کے اندر اللہ کے غیر کا آجانا یہ دل کی نجاست ہے، یہ حضرت مولانا محمد یوسف رحمہ اللہ کے فرمانوں میں سے ہے۔دل جتنا نورانی ہوگا اتنی اس کی سمجھ اعلیٰ ہوگی، ساری امت کے دل نورانی بن جائیں، اس کے لئے انہیں دعوت پر لانا، فضائل کی تعلیم پر، مسائل کے سیکھنے سکھانے پر، اور رات کو اٹھ کر اللہ سے قبول کروانا۔ اس کی محنت کریں گے ان شاء اللہ!

کالم نگار : مفتی سفیان بلند
| | |
39