(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی عبدالرحمن منیر استاذ الحدیث و التفسیر، جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی، کراچی

مفتی عبدالرحمن منیر استاذ الحدیث و التفسیر، جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی، کراچی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
جامعہ یحییٰ المدنی کی علمی پیش رفت اور شیخ الاسلام کی حوصلہ افزائی
جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی کی علمی و دینی جدوجہد کی تاریخ میں شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم سے ایک خصوصی نسبت بھی وابستہ ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سال قبل رئیس الجامعہ حضرت مولانا یوسف مدنی صاحب دامت برکاتہم کی دعوت پر حضرت مدظلہ تشریف لائے اور ادارے کی نئی مسجد اور اس سے متصل نئی جگہ پر مدرسے کا سنگِ بنیاد اپنے دستِ مبارک سے رکھا اور اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے پہلی ضرب لگا کر اس علمی و دینی سفر کے ایک نئے مرحلے کا آغاز فرمایا۔

آج الحمدللہ جامعہ میں تعلیم و تدریس، تربیت و دعوت اور اصلاح و ارشاد کے متنوع میدانوں میں جو سرگرمیاں جاری ہیں، ان کے پس منظر میں اس ابتدائی عنایت اور دعاؤں کی ایک گہری نسبت موجود ہے۔ اسی نسبت کے تناظر میں 14 نومبر 2026ء، بروز ہفتہ، بعد نمازِ عشاء حضرت کی قیام گاہ پر حضرت شیخ الاسلام دامت برکاتہم کی خدمت میں حاضری اور جامعہ کی موجودہ علمی و دینی کارگزاری پیش کرنے کا موقع میسر آیا۔رئیس الجامعہ حضرت مولانا یوسف مدنی صاحب دامت برکاتہم نے ملاقات کا وقت طے فرمایا اور اپنے ہمراہ اس خاکسار کو بھی شرکت کا شرف بخشا۔ مولانا ہارون مدنی صاحب اور عزیز بھائی سلمان انور صاحب سلمہما اللہ بھی ہمراہ تھے۔

اتفاق یہ کہ اسی روز جامعہ ازہر مصر کے شعبۂ تفسیر کے سینئر استاذ اور مدینہ یونیورسٹی کے سابق استاذ، پروفیسر ڈاکٹر احمد محمد شرقاوی سالم صاحب بھی ہمارے ادارے جامعہ یحییٰ المدنی کی دعوت پر کراچی تشریف لائے تھے۔ ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے بعد رئیس الجامعہ کے ہمراہ حضرت شیخ الاسلام کی خدمت میں حاضری ہوئی۔

مجلس میں رئیس الجامعہ حضرت مولانا یوسف مدنی صاحب دامت برکاتہم نے جامعہ کی علمی، تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے بالخصوص مختلف تخصصات، شعبۂ دعوتِ دین، ردِّ الحاد اور دیگر شعبوں کی کارگزاری بیان فرمائی۔ حضرت شیخ الاسلام نے نہایت توجہ اور غیر معمولی دلچسپی کے ساتھ یہ تفصیلات سماعت فرمائیں اور جامعہ کی ان متنوع علمی و دینی کاوشوں پر خوشی و مسرت کا اظہار فرمایا۔

اثنائے گفتگو جب جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا ذکر آیا تو حضرت نے فرمایا کہ جامعہ کی کارگزاری ہمیں پہنچتی رہتی ہے اور یہاں ہونے والے علمی و دینی کاموں سے آگاہی حاصل ہوتی رہتی ہے۔ اس موقع پر آپ نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ جامعہ کے علمی مجلات، اور تحقیقی کاوشیں ہمیں بھی ارسال کیا کریں، نیز ادارے میں جاری تمام تخصصات کے مناہج بھی بھجوائیں، تاکہ انہیں خود ملاحظہ کر سکوں اور یہ جان سکوں کہ ہمارے نوجوان کن علمی میدانوں میں کس انداز سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فرمایا کہ آپ کے ادارے کی یہ علمی سرگرمیاں دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی ہے۔

اسی موقع پر حضرت شیخ الاسلام نے نہایت محبت سے ارشاد فرمایا کہ آپ کے والدِ بزرگوار حضرت مولانا یحییٰ مدنی قدس سرہ کی روح بھی یہ دیکھ کر خوش ہوتی ہوگی۔ ساتھ ہی فرمایا کہ دین کے کام کی بہت سی جہتیں ہیں اور ان تمام جہتوں میں کام ہوتے رہنا چاہیے۔

یہ مختصر مگر جامع کلمات ایک طرف علمی نسبت کے اعتراف اور اکابر کے فیض کے تسلسل کی تحسین تھے تو دوسری طرف خدمتِ دین کے وسیع دائرے کی طرف ایک بلیغ اشارہ بھی۔اسی گفتگو کے دوران رئیس الجامعہ نے جامعہ سے متصل جگہ پر ایک اسلامی مرکز (Islamic Center) کے قیام کے منصوبے کا ذکر فرمایا، جس کا مقصد بالخصوص نوجوان نسل اور تاجر حضرات کے درمیان دینی و اصلاحی جدوجہد کو منظم انداز میں آگے بڑھانا اور انہیں دین سے وابستہ کرنا ہے۔ اس منصوبے پر بھی حضرت نے مسرت کا اظہار فرمایا۔

دورانِ گفتگو شعبۂ ردِّ الحاد کی کارگزاری کا ذکر بھی آیا۔ بالخصوص ملک کے مختلف علاقوں میں پندرہ مراکز کے قیام اور کالجوں و جامعات کے طلبہ اور فضلاء کے درمیان فکری و علمی محنت سے حضرت کو آگاہ کیا گیا تو آپ نے غیر معمولی مسرت اور دلچسپی کا اظہار فرمایا۔ اسی ضمن میں اپنی ایک سابقہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:’’میں نے بھی ڈاکٹر یاسر ندیم الواجدی صاحب سے ان کی کتاب تہافت الملاحدۃ کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اس کتاب کا خلاصہ اور اس کے اہم مباحث مرتب کریں، تاکہ اسے درسِ نظامی کے نصاب میں شامل کیا جا سکے اور دینی مدارس کے طلبہ کو بھی اس موضوع سے مناسبت اور ضروری آگاہی حاصل ہو۔‘‘

حضرت کی اس گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ الحاد کے معاصر فکری چیلنجز کا مقابلہ محض عمومی گفتگو سے نہیں، بلکہ منظم علمی تیاری، مضبوط استدلال اور نصابی رہنمائی کے ذریعے ہونا چاہیے، تاکہ دینی مدارس کے فضلاء جدید فکری سوالات سے واقف بھی ہوں اور ان کے مدلل جوابات دینے کی استعداد بھی رکھتے ہوں۔

بعد ازاں جامعہ کے شعبۂ اقامتِ دین کا تذکرہ بھی ہوا، جس کے تحت معاشرے میں نماز کے قیام اور لوگوں کو مساجد سے وابستہ کرنے کے لیے منظم محنت جاری ہے۔ اس سلسلے میں عوامی سطح پر دعوت و ترغیب کے ساتھ جامعہ کے طلبہ اور فضلاء کی عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ الحمدللہ، طلبہ کو روزانہ نمازِ تہجد کے لیے بیدار کیا جاتا ہے، نمازِ فجر اول وقت میں باجماعت ادا کرنے کا اہتمام ہے اور اس کے بعد سورۂ یٰسین کی تلاوت، اذکار و اوراد اور دیگر معمولاتِ عبادت جاری رہتے ہیں۔

اس تربیتی جدوجہد کا مقصود یہ ہے کہ طلبہ محض علمِ دین کے حامل بن کر نہ نکلیں، بلکہ ان کی زندگیوں میں عبادت، بندگی اور عملی دینداری بھی راسخ ہو۔ اس ضمن میں یہ بات بھی عرض کی گئی کہ اگر دینی مدارس کے فضلاء اپنے تعلیمی دورانیے کی تکمیل کے بعد سو فیصد نماز کے پابند اور اقامتِ صلوٰۃ کے عملی نمونے بن کر معاشرے میں نکلیں تو یہ بھی کسی ادارے کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی اور قیمتی تربیتی سرمایہ ہے۔ جامعہ اس معیار کو بھی اپنی کامیابی کا ایک اہم پیمانہ سمجھتا ہے۔ حضرت شیخ الاسلام نے اس فکر اور تربیتی منہج پر غیر معمولی مسرت کا اظہار فرمایا اور اس کی تصویب فرمائی۔

حضرت کا یہ طرزِ تحسین محض ایک ادارے کی کارگزاری کی ستائش نہ تھا، بلکہ اکابر کے بلند ظرفی، وسعتِ نظر اور علمی فراخ دلی کا مظہر تھا۔ دوسروں کی علمی و دینی مساعی کو سراہنا، خدمت کے نئے راستوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور دین کی اشاعت کے متنوع ذرائع کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا، یہ وہ اوصاف ہیں جو علمی روایت کو زندہ اور بارآور رکھتے ہیں۔مجلس کا سب سے زیادہ اثر انگیز اور فکر انگیز پہلو وہ تھا جب حضرت شیخ الاسلام سے نصیحت کی درخواست کی گئی ،اس پر حضرت شیخ الاسلام نے رجوع الی اللہ اور قبولیتِ اعمال کی فکر کی تلقین فرماتے ہوئے قرآنِ کریم کی یہ آیت تلاوت فرمائی:وَالَّذِينَ يُؤْتُونَ مَا آتَوْا وَّقُلُوبُهُمْ وَجِلَةٌ أَنَّهُمْ إِلَىٰ رَبِّهِمْ رَاجِعُونَ

حضرت نے سمجھایا کہ اہلِ ایمان کی صفت یہ ہے کہ وہ نیک اعمال انجام دینے کے باوجود اپنے دلوں میں خوف اور اندیشۂ قبولیت رکھتے ہیں۔ تاہم اس خوف کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے اچھی امید اور اس کے فضل و کرم پر اعتماد بھی برقرار رہنا چاہیے۔

اسی مناسبت سے حضرت نے ایک اور نہایت اہم نصیحت فرمائی کہ میں علماء کرام اور دینی خدمات میں مشغول حضرات کو ہمیشہ اس دعا کے اہتمام کی تلقین کرتا ہوں:اللّٰهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْعُجْبِ وَالْكِبْرِ وَالسُّمْعَةِ وَالرِّيَاءِ وَحُبِّ الْجَاهِ وَحُبِّ الْمَالِ

یہ دعا اہلِ علم و عمل کے لیے محاسبۂ نفس کا ایک وسیع باب اپنے اندر رکھتی ہے۔

اس علمی گفتگو کے بعد حضرت کے حالیہ سفر کے احوال دریافت کرنے کا بندے کو موقع ملا۔ معلوم ہوا کہ حضرت اسلام آباد کے سفر سے واپس تشریف لائے تھے، جہاں سودی معاملات کے حوالے سے عدالتی کارروائی اور حکومتی سطح پر مشاورت و ملاقاتوں کے سلسلے میں بعض اہم اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ دیگر ضروری امور بھی انجام دیے تھے۔

سفر کی مصروفیات کے ساتھ موسم کی تبدیلی اور کھانسی کی تکلیف بھی طبیعت پر قدرے اثر انداز تھی، لیکن ان تمام مصروفیات اور عوارض کے باوجود چہرے پر وہی مانوس تبسم، طبیعت میں وہی شگفتگی اور گفتگو میں وہی دل آویزی نمایاں تھی۔ حضرت کی خندہ پیشانی اور بشاشت دیکھ کر محسوس ہوتا تھا کہ علمی و قومی مصروفیات کی کثرت کے باوجود مہمانوں سے ملاقات اور ان کی دل جوئی کے لیے وہی مانوس کشادگی اور خوش مزاجی برقرار ہے۔نشست سے واپسی پر دل میں یہی احساس راسخ تھا کہ جس ادارے کی نئی مسجد اور مدرسے کی نئی جگہ کیلئے اس کا سنگِ بنیاد ایک مردِ علم و بصیرت نے اپنے دستِ مبارک سے رکھا ہو، اس کی علمی و دینی پیش رفت اسی بزرگ کی خدمت میں پیش کرنا بجائے خود ایک سعادت ہے-

اللہ تعالیٰ ہمارے اکابر کا سایۂ شفقت تادیر قائم رکھے، ان کے علم و عمل اور دعاؤں سے امت کو مستفید فرمائے، جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی کی علمی و دینی مساعی کو مزید وسعت عطا فرمائے اور ان تمام کوششوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت بخشے۔ ہمیں بھی دین کی خدمت کے ہر میدان میں اخلاص، للہیت، استقامت اور قبولیت نصیب فرمائے۔آمین یا رب العالمین!

کالم نگار : مفتی عبدالرحمن منیر استاذ الحدیث و التفسیر، جامعہ الشیخ یحییٰ المدنی، کراچی
| | |
55