(+92) 319 4080233
کالم نگار

عمران لیاقت

عمران لیاقت

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
سوشل میڈیا کا سچا پیار یا فولڈر نمبر 33 ؟
سوشل میڈیا پر ہونے والی ہر محبت سچی نہیں ہوتی۔ بعض لوگ محبت، شادی اور مذہب کا سہارا لے کر دوسروں کا اعتماد جیتتے ہیں لیکن ان کے پیچھے اصل مقصد صرف استحصال ہوتا ہے۔ ایک لڑکی نے اپنا واقعہ بیان کیا کہ تین سال پہلے ایک نوجوان نے اسے سوشل میڈیا پر میسج کرنا شروع کیا۔ لڑکی نے بار بار اسے بلاک کیا لیکن وہ مختلف آئی ڈیز سے رابطہ کرتا رہا۔ آخرکار اس نے مذہب کارڈ استعمال کیا اور لڑکی کو بتایا کہ میں تمہیں تہجد میں اللہ سے مانگتا ہوں ، جس سے لڑکی کو اس کی محبت پر یقین ہو گیا۔

آہستہ آہستہ دونوں کی بات چیت شروع ہوئی۔ لڑکے نے شادی اور سہانے مستقبل کے جھوٹے خواب دکھائے لیکن پھر تصاویر اور ویڈیوز کا مطالبہ کرنے لگا۔ لڑکی انکار کرتی رہی، مگر جذباتی دباؤ، دھمکیوں اور خود کو نقصان پہنچانے کے ڈرامے کے ذریعے اسے ویڈیو کال پر آنے کے لیے مجبور کر دیا گیا۔ اس نوجوان نے اس کی ویڈیو ریکارڈ کر لی اور بعد میں اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔ شادی کے وعدے ختم ہو گئے اور ان کی جگہ دھمکیاں، پیسوں کے مطالبے اور ویڈیو لیک کرنے کی دھمکیاں آ گئیں۔

سب سے افسوس ناک بات یہ تھی کہ بعد میں لڑکی کو معلوم ہوا کہ وہ نوجوان ایسی ہی 32 دوسری لڑکیوں کو بھی اپنے جال میں پھنسا چکا تھا۔ اس نے ان سب کی ویڈیوز الگ الگ فولڈرز میں محفوظ کر رکھی تھیں۔ دراصل لڑکی نے اس کی ایک ایسی آئی ڈی کو کھول کر دیکھا تھا جس کا پاسورڈ اسے پتہ تھا۔

اس واقعے سے ایک بہت اہم سبق ملتا ہے:
*جو شخص سوشل میڈیا پر محبت کے نام پر آپ سے تصاویر، ویڈیوز یا ایسی کوئی چیز مانگے جسے آپ دوسروں کے سامنے ظاہر نہیں کرنا چاہتیں، اس سے محتاط رہیں۔*

جو شخص آپ کی محبت ثابت کرنے کے لیے آپ پر دباؤ ڈالے، آپ کو جذباتی بلیک میل کرے یا آپ کی حدود کا احترام نا کرے، وہ آپ کی محبت کا مستحق نہیں۔

یاد رکھیے، سچی محبت کے لیے آپ کو اپنی عزت، پرائیویسی اور ذاتی حدود قربان کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ کسی اجنبی کے چند میٹھے الفاظ، شادی کے وعدوں یا مذہبی باتوں کو اس کی نیک نیتی کا ثبوت نہ سمجھیں۔

اور اگر خدانخواستہ کوئی آپ کی تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرے تو خوف اور شرمندگی میں خاموش نہ رہیں۔ کسی قابلِ اعتماد فرد سے مدد لیں اور متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں۔ غلطی یا جرم اس شخص کا ہے جو آپ کو بلیک میل کر رہا ہے۔

**خدا کے لیے اپنی عزت اور وقار کو سوشل میڈیا کی محبت کے نام پر نیلام نا کریں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جس شخص کو آپ اپنی زندگی کی محبت سمجھ رہی ہوں ، اس کے لیے آپ صرف ایک نام ہوں ؛ فولڈر نمبر 33 !**

کالم نگار : عمران لیاقت
| | |
85