جامعہ دارالعلوم کراچی کی علمی تاریخ میں حضرت مولانا عزیز الرحمن صاحب دامت برکاتہم ایک ایسا نام ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس اور کتابوں کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ سالہا سال سے بخاری شریف، ترمذی شریف، ابوداؤد شریف، مشکوٰۃ شریف اور حدیث کی دیگر عظیم کتابیں پڑھا رہے ہیں۔ پاکستان ہی نہیں، دنیا بھر میں حضرت کے بے شمار شاگرد موجود ہیں۔
دارالعلوم کراچی میں سب محبت سے حضرت کو ’’بابا جی‘‘ کہتے ہیں۔ حضرت کا اندازِ تدریس اپنی مثال آپ ہے۔ کتاب کا صرف ترجمہ یا مفہوم بیان نہیں کرتے، بلکہ ہر لفظ، ہر حرف اور ہر صیغے کا حق ادا کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ دورۂ حدیث میں بخاری شریف پڑھاتے ہوئے بھی ابتدائی درجات میں پڑھی ہوئی صرف و نحو کی ترکیبیں پوچھتے ہیں، صیغوں کی پہچان کرواتے ہیں اور طلبہ کی علمی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ حضرت کو کسی کتاب کا مغز کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
افسوس کہ آج حضرت ضعیف العمری اور شدید علالت کے باعث ہسپتال کے آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔ حضرت کے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، جس میں سے اطلاعات کے مطابق تقریباً چار لیٹر پانی نکالا جا چکا ہے۔ طبیعت کی ناسازی اور جسمانی کمزوری کے باعث ملاقات پر بھی پابندی ہے، صرف صاحبزادے تیمارداری کے لیے موجود ہیں۔
حضرت کے خادمِ خاص، جو ہسپتال میں بھی ان کی خدمت میں موجود ہیں، بتاتے ہیں کہ جب بھی حضرت کو ہوش آتا ہے اور بات کرنے کے قابل ہوتے ہیں تو زبان پر ایک ہی بات ہوتی ہے:’’مجھے کلاس میں لے جاؤ، مجھے پڑھانا ہے، مجھے کتاب پڑھانی ہے!‘‘
ذرا حضرت کے اس عشق کی کیفیت تو دیکھیے! ایک طرف آئی سی یو کا بستر، دوسری طرف بیماری کی شدت اور جسمانی کمزوری، مگر حضرت کے دل و دماغ میں نہ بیماری کا خیال ہے، نہ آرام کی طلب، نہ کسی دنیاوی آسائش کی خواہش۔ اگر کوئی بھوک ہے تو کتاب پڑھانے کی، اگر کوئی پیاس ہے تو درسِ حدیث کی، اگر کوئی خواہش ہے تو طلبہ کے درمیان بیٹھنے اور کلاس میں پہنچنے کی!
جس جسم کو اس وقت آرام کی ضرورت ہے، اس کی زبان پر بھی کلاس کا تذکرہ ہے۔ گویا زندگی بھر کتابیں پڑھانے والا یہ عظیم استاد آج بھی اسی فکر میں ہے کہ میری کلاس رہ نہ جائے، میرے طلبہ کا سبق ادھورا نہ رہ جائے۔بابا جی کا کتابوں سے عشق کوئی آج کی بات نہیں، یہ عشـق تو دہائیوں پر محیط ہے۔ سالہا سال حدیث کی کتابیں پڑھاتے پڑھاتے یہ کیفیت بن گئی ہے کہ اب ان کی سب سے بڑی خوشی کتاب، سب سے بڑی مصروفیت درس اور سب سے بڑی خواہش طلبہ کے درمیان ہونا ہے۔
یہ محض تدریس نہیں، یہ عشقِ علم کی انتہا ہے!
دنیا میں بہت سے لوگ کتابیں پڑھتے ہیں، بہت سے پڑھاتے ہیں، لیکن کچھ خوش نصیب ایسے ہوتے ہیں جن کی پوری زندگی ہی کتابوں اور علم کی خدمت میں گزر جاتی ہے۔ حضرت مولانا عزیز الرحمن صاحب انہی نفوسِ قدسیہ میں سے ہیں۔
ایک استاد کا عشق، ایک عمر کی کمائی!
حضرت کی یہ کیفیت ہمیں بتاتی ہے کہ جب علم انسان کی زندگی کا مقصد بن جائے تو ہسپتال کا بستر بھی اسے کلاس روم یاد دلاتا ہے۔ حضرت کی سب سے بڑی طلب یہی ہے کہ کتاب سامنے ہو، طلبہ بیٹھے ہوں اور درسِ حدیث جاری ہو۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا عزیز الرحمن صاحب دامت برکاتہم کو صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، ان کے سائے کو تادیر قائم رکھے، ان کے علم و تدریس کی برکتوں سے آنے والی نسلوں کو بھی مستفید فرمائے اور ہمیں حضرت کے فیض سے طویل عرصے تک فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین!