(+92) 319 4080233
کالم نگار

ضیاء چترالی

ضیاء چترالی

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/29
موضوعات
مسجد کے لیے جان قربان
روسی بزنس مین آرتور روسیف (Artur Rusev) نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے علاقے میں مسلمانوں کے لیے پہلی مسجد تعمیر کی۔ وہ بڑی کاروباری شخصیت تھے، اسلام سے وابستگی کے بعد وہ دین حق کی ترویج میں لگ گئے۔ اپنی زمین اور وسائل مسلمانوں کی دینی ضروریات کے لیے وقف کردیئے۔ بالآخر انہیں گرفتار کرکے مقدمہ چلایا گیا اور پھر جیل میں انہیں شہید کردیا گیا۔

دعوت و خدمت کا سفر:
آرتور روسیف رحمہ اللہ کا تعلق روس کے مشرقی علاقے کالینن گراڈ (Kaliningrad) سے تھا۔ یہ علاقہ روس کے دیگر حصوں سے الگ واقع ہے۔ وہ ایک کامیاب تاجر تھے۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے صرف انفرادی طور پر عبادت کرنے پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ اپنے علاقے میں مسلمانوں کے لیے مسجد کی ضرورت محسوس کی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک وسیع قطعۂ زمین خریدا اور وہاں علاقے کی پہلی مسجد تعمیر کی، جو بعد میں ’’مسجد روسیف‘‘ کے نام سے مشہور ہوگئی۔ اس مسجد میں دور دراز سے مسلمان نماز کی ادائیگی کے لیے آنے لگے۔ انہوں نے مسجد کے ساتھ چھوٹی عمارتیں بھی تعمیر کیں، جہاں دینی رہنمائی اور تعلیم کا انتظام تھا۔ اس کے علاوہ ’’الارشاد‘‘ کے نام سے ایک تنظیم قائم کی، جس کا مقصد لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرانا تھا۔

ان کا گھر بھی مسلمانوں کی دینی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا تھا۔ لوگ وہاں نماز پڑھنے، دین سیکھنے اور اسلامی ماحول میں وقت گزارنے کے لیے جمع ہوتے تھے۔

مسجد مسمار، دھمکیوں کا آغاز:
22 مئی 2019ء کو عدالتی حکم کے تحت حکام نے ان کی تعمیر کردہ مسجد کو غیر قانونی عمارت قرار دے کر مسمار کر دیا۔ اس واقعے کے بعد انہیں پولیس افسران کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے 2019ء اور 2020ء میں متعلقہ حکام کو ان دھمکیوں کی شکایات بھی کیں اور تحقیقاتی کمیٹی سے رجوع کیا، لیکن ان کی درخواستوں پر کوئی مؤثر کارروائی نہ ہوئی۔

رات کے اندھیرے میں گھر پر دھاوا:
30 ستمبر 2020ء کی رات پولیس اہلکاروں نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ خصوصی دستے نے بالکونی کی جانب سے گھر میں داخل ہوکر صوتی بم پھینکا، جس سے پورا گھر گونج اٹھا۔ اہلکاروں نے عمر رسیدہ آرتور کو قابو کرکے زمین پر گرا دیا اور ہتھکڑیاں پہنا دیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان کے کپڑوں سے تین گرام ایمفیٹامین (Amphetamine) نامی منشیات برآمد ہوئیں۔ تاہم آرتور نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مواد ان کے خلاف مسجد کی تعمیر کے معاملے میں مزاحمت کا بدلہ لینے کے لیے ان کے کپڑوں میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس منشیات سے واقف تک نہیں۔

گرفتاری کے دوران ایک پولیس افسر نے ان کے ہاتھ پیچھے کرکے ان کی ہتھیلیوں پر کوئی چیز پھیری۔ انہیں محسوس ہوا کہ وہ پلاسٹک جیسی کوئی چیز تھی۔ پھر اس افسر نے اپنے ساتھی کو ان کی کرسی پر لٹکے ہوئے پتلون کی طرف اشارہ کیا۔ آرتور نے اسے اپنے خلاف منشیات کا جھوٹا مقدمہ تیار کرنے کی کوشش قرار دیا۔

مقدمہ اور ساڑھے چار سال قید:
نومبر 2021ء میں کالینن گراڈ کی مرکزی عدالت نے انہیں منشیات رکھنے کے الزام میں مجرم قرار دیا۔ فروری 2022ء میں انہیں ساڑھے چار سال قید کی سزا سنائی گئی اور اصلاحی کالونی نمبر 8 بھیج دیا گیا۔ علاقائی عدالت نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا۔

آرتور نے اپنے خلاف مقدمے کو من گھڑت قرار دیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ اگر انہوں نے اس جرم کا اعتراف نہ کیا تو جیل میں انہیں شدید اذیت اور توہین کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکام عدالت سے مل کر ان کے لیے قید کو عذاب بنا دیں گے، انہیں زیادہ سے زیادہ سزا دلوائیں گے اور بالآخر اذیت دے کر موت کے گھاٹ اتار دیں گے۔

جیل میں موت:
ان کا یہ خدشہ درست ثابت ہوا۔ 6 جون 2023ء کو کالینن گراڈ کی اصلاحی کالونی نمبر 8 میں آرتور روسیف کی موت واقع ہوگئی۔ جیل حکام کی جانب سے ان کی موت کی وجہ صبح کی ورزش کے دوران دل کا دورہ بتائی گئی۔ تاہم ان کے حامیوں اور مسلم حلقوں نے اسے قتل قرار دیا۔

روس نفرت میں ڈوبا ہوا آرتھوڈوکس سلطنت ہے۔ جہاں انسانی حقوق پولیس کے جابرانہ رویّوں اور بدعنوان عدالتی احکامات کے سامنے پامال ہوتے ہیں۔ روسی ریاست دینی سرگرمی کو برداشت نہ کر سکی اور اس ملک میں جہاں گرجا گھروں کی تعمیر کی اجازت دی جاتی ہے، مسلمانوں کی مسجد کو قبول نہیں کیا گیا۔ روسی معاشرے اور ریاستی اداروں کا مذہبی تعصب اس نور کو برداشت نہ کرسکا جو آرتور روسیف نے اپنے علاقے میں پھیلانے کی کوشش کی تھی۔

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے اور ان کی دینی خدمات کو قبول فرمائے۔ آمین!

کالم نگار : ضیاء چترالی
| | |
97