(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی عبدالمنعم فائز

مفتی عبدالمنعم فائز

پروفائل | تمام کالمز
2026/11/23
موضوعات
اقبالؒ کے شہرہ آفاق کلام کی دل نشیں تشریح
شکوہ:
علامہ اقبال نے یہ نظم انجمن حمایت اسلام کے سالانہ جلسے میں پڑھی تھی جو اپریل 1909 ءمیں منعقد ہوا تھا۔ اس نظم کے اشعار اور ان کی تشریح ملاحظہ فرمائیں:

کیوں زیاں کار بنوں ، سود فراموش رہوں

فکر فردا نہ کروں، محو غم دوش رہوں

(آخر میں کب تک اپنا نقصان کرتا رہوں اور اپنے فائدے کو بھولتا رہوں۔ کب تک اپنے مستقبل سے غافل رہوں اور ماضی کے بارے میں غم کرتا رہوں)

نالے بلبل کے سنوں اور ہمہ تن گوش رہوں

ہم نوا میں بھی کوئی گل ہوں کہ خاموش رہوں

(آخر کب تک میں مکمل توجہ سے بلبل کی فریاد ہی سنتا رہوں۔ میرے دوست میں کوئی پھول تو نہیں کہ خاموش بیٹھا رہوں)

جرات آموز مری تاب سخن ہے مجھ کو

شکوہ اللہ سے ، خاکم بدہن ، ہے مجھ کو

(مجھے شاعری کی صلاحیت بخشی گئی ہے، جس نے مجھ میں اظہار کی جرات پیدا کردی ہے۔ میرے منہ میں خاک، میں آج اپنے پیدا کرنے والے سے شکوہ کرنے پر مجبور ہوں)

ہے بجا شیوہء تسلیم میں مشہور ہیں ہم

قصہ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم

(یہ بات بالکل درست ہے کہ مسلمان اللہ کی رضا پر راضی رہتا ہے، لیکن میں اتنا مجبور ہوں کہ بالآخر اپنے دل کا درد بیان کرنے پر مجبور ہوں)

ساز خاموش ہیں ، فریاد سے معمور ہیں ہم

نالہ آتا ہے اگر لب پہ تو معذور ہیں ہم

(ہم اس ساز کی طرح ہیں، جو ہر لمحہ خاموش ہوتا ہے، مگر ہمارا ایک ایک انگ فریاد سے بھرا ہوا ہے۔ اگر اس حال میں ہم کوئی شکوہ شکایت کرتے ہیں تو ہمیں معذور اور بے بس سمجھ کر معاف فرمانا)

اے خدا! شکوہء ارباب وفا بھی سن لے

خوگر حمد سے تھوڑا سا گلا بھی سن لے

(اے اللہ، وفا کرنے والوں کی زبان سے شکوہ و شکایت بھی سن لے۔ اے اللہ ہم تیری تعریف کے عادی ہیں، مگر ہمارا گلا بھی سن لے)

تھی تو موجود ازل سے ہی تری ذات قدیم

پھول تھا زیب چمن پر نہ پریشاں تھی شمیم

(اے اللہ، تیری ذات تو کائنات کے آغاز سے ہی موجود تھی، مگر اسے کوئی پہچانتا نہیں تھا۔ بالکل اسی طرح کہ جیسے چمن میں پھول تو موجود تھا مگر اس کی خوشبو ابھی نہیں پھیلی تھی)

شرط انصاف ہے اے صاحب الطاف عمیم

بوئے گل پھیلتی کس طرح جو ہوتی نہ نسیم

(اے سب پر رحم کرنے والے خدا، اگر انصاف کی بات کی جائے تو اگر یہ مسلمان نہ ہوتے تو دنیا بھر میں تیرا پیغام کیسے پھیلتا؟ پس مسلمانوں نے دنیا والوں کو تیرے نام سے اور تیری صفات سے آگاہ کیا۔)

ہم کو جمعیت خاطر یہ پریشانی تھی

ورنہ امت ترے محبوب کی دیوانی تھی؟

(اے اللہ، اسی فکر نے مسلمانوں کو دنیا بھر میں تیرا پیغام پھیلانے پر مجبور کیا، ورنہ تیرے محبوب کی امت کوئی دیوانی تو نہیں تھی کہ بلاوجہ ساری دنیا کو اپنا دشمن بنالیا)

ہم سے پہلے تھا عجب تیرے جہاں کا منظر

کہیں مسجود تھے پتھر ، کہیں معبود شجر

(اے اللہ، ہم مسلمانوں کے آنے سے پہلے دنیا کا منظر ہی عجیب تھا، کسی جگہ پتھروں کو سجدہ کیا جارہا تھا اور کہیں درختوں کی عبادت ہورہی تھی)

خوگر پیکر محسوس تھی انساں کی نظر

مانتا پھر کوئی ان دیکھے خدا کو کیونکر

(اے اللہ، تیری ذات تو کائنات کے آغاز سے ہی موجود تھی، مگر اسے کوئی پہچانتا نہیں تھا۔ بالکل اسی طرح کہ جیسے چمن میں پھول تو موجود تھا مگر اس کی خوشبو ابھی نہیں پھیلی تھی)

تجھ کو معلوم ہے ، لیتا تھا کوئی نام ترا؟

قوت بازوئے مسلم نے کیا کام ترا

(اے اللہ، آپ کو تو معلوم ہے کہ دنیا میں کوئی اآپ کا نام لینے والا نہیں تھا۔ مسلمانوں کی ہمت و جدوجہد ہی تیرے کام آئی)

بس رہے تھے یہیں سلجوق بھی، تورانی بھی

اہل چیں چین میں ، ایران میں ساسانی بھی

(اسی دنیا میں سلجوقی بھی رہتے تھے، تورانی بھی۔ چین والے اپنے ملک اور ایران میں ساسانی لوگ رہتے تھے)

اسی معمورے میں آباد تھے یونانی بھی

اسی دنیا میں یہودی بھی تھے ، نصرانی بھی

(اسی دنیا میں یونانی بھی رہتے تھے، یہودی بھی اور عیسائی بھی یہیں بستے تھے)

پر ترے نام پہ تلوار اٹھائی کس نے

بات جو بگڑی ہوئی تھی ، وہ بنائی کس نے

(یہ سب قومیں یہیں پر رہتی تھیں، مگر اے خدا، آپ کے نام پر تلوار کس نے اٹھائی؟ دنیا میں جو خرابی پیدا ہوگئی تھی، اسے درست کس نے کیا؟ ہم مسلمانوں نے ہی نا)

تھے ہمیں ایک ترے معرکہ آراؤں میں

خشکیوں میں کبھی لڑتے ، کبھی دریاؤں میں

(اے خدا، آپ کو معلوم ہے کہ ہم تیری خاطر ہی جنگیں لڑتے تھے، کبھی ہم خشکی میں لڑتے اور کبھی دریاوں میں)

دیں اذانیں کبھی یورپ کے کلیساؤں میں

کبھی افریقہ کے تپتے ہوئے صحراؤں میں

(ہم نے کبھی یورپ کے چرچ میں اذانیں دیں، کبھی افریقہ کے تپتے ہوئے صحراوں اور بیابانوں میں اذانیں دیں)

شان آنکھوں میں نہ جچتی تھی جہاں داروں کی

کلمہ پڑھتے تھے ہم چھاؤں میں تلواروں کی

(وہ مسلمان ہی تھے، جنہوں نے دنیا کے بادشاہوں کا مقابلہ کیا۔ تلواروں کے سائے میں بھی کلمہ پڑھتے رہے)

ہم جو جیتے تھے تو جنگوں کے مصیبت کے لیے

اور مرتے تھے ترے نام کی عظمت کے لیے

(ہم مسلمان اگر زندہ رہتے تھے تو جنگیں لڑتے ہوئے زندگی گزرتی۔ اور تیرے نام کو بلند کرتے ہوئے موت آتی تھی)

تھی نہ کچھ تیغ زنی اپنی حکومت کے لیے

سربکف پھرتے تھے کیا دہر میں دولت کے لیے؟

(اے خدا، ہماری یہ ساری جنگیں اپنی حکومت اور بادشاہت کے لیے نہیں تھیں۔ اے اللہ، آپ کو معلوم ہے کہ ہم یہ ساری مشقت اور مصیبت دولت حاصل کرنے کے لیے نہیں اٹھارہے تھے)

قوم اپنی جو زر و مال جہاں پر مرتی

بت فروشی کے عوض بت شکنی کیوں کرتی!

(اگر مسلمان دولت کے لیے یہ سب کررہے ہوتے، تو وہ بتوں کو کیوں توڑتے؟ انہیں تو بتوں کو بیچنا چاہیے تھا؟)

ٹل نہ سکتے تھے اگر جنگ میں اڑ جاتے تھے

پاؤں شیروں کے بھی میداں سے اکھڑ جاتے تھے

(مسلمان اگر میدان جنگ میں ڈٹ جاتے تو کوئی ان کو ہرا نہیں سکتا تھا۔ شیروں کے پاؤں بھی اکھڑ جاتے، مگر مسلمان پھر بھی میدان میں ڈٹے رہتے)

تجھ سے سرکش ہوا کوئی تو بگڑ جاتے تھے

تیغ کیا چیز ہے ، ہم توپ سے لڑ جاتے تھے

(اے اللہ، اگر کوئی شخص آپ کا باغی ہوجاتا تو ہم بھی اس کے دشمن بن جاتے تھے۔ اے اللہ تیری خاطر تو ہم تلوار ہی نہیں، توپوں سے لڑجاتے تھے)

نقش توحید کا ہر دل پہ بٹھایا ہم نے

زیر خنجر بھی یہ پیغام سنایا ہم نے

(مسلمانوں نے ہی لوگوں کے دلوں میں توحید کا پیغام بٹھایا۔ خنجر کے نیچے بھی ہم نے توحید کایہ پیغام سنایا)

تو ہی کہہ دے کہ اکھاڑا در خیبر کس نے

شہر قیصر کا جو تھا ، اس کو کیا سر کس نے

(اے اللہ، آپ کو معلوم ہے کہ خیبر کا دروازہ کس نے اکھاڑا؟ روم کے بادشاہ قیصر کے شہر کو کس نے فتح کیا؟)

توڑے مخلوق خداوندوں کے پیکر کس نے

کاٹ کر رکھ دیے کفار کے لشکر کس نے

(وہ مسلمان ہی تھے جنہوں نے بت خانوں کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ مسلمانوں نے ہی کافروں کے پورے پورے لشکر کاٹ کر رکھ دیے)

کس نے ٹھنڈا کیا آتشکدہ ایراں کو؟

کس نے پھر زندہ کیا تذکرہ یزداں کو؟

(ایران کے آتش کدہ میں ہر وقت جلتی آگ کی پوجا ہوتی تھی، اس کو مسلمانوں نے ہی بجھایا۔ ہم نے ہی وہاں اللہ کے نام کو دوبارہ زندہ کیا)

کون سی قوم فقط تیری طلب گار ہوئی

اور تیرے لیے زحمت کش پیکار ہوئی

(اے اللہ، کون سی قوم ہے جس کا مقصد صرف تجھے حاصل کرنا تھا۔ تیرے لیے کس قوم نے جنگیں لڑیں؟ مسلمانوں نے ہی)

کس کی شمشیر جہاں گیر ، جہاں دار ہوئی

کس کی تکبیر سے دنیا تری بیدار ہوئی

(اے اللہ، کس کی تلوار نے پوری دنیا کو فتح کیا؟ کس کے نعرہ تکبیر سے پوری دنیا بیدار ہوئی؟)

کس کی ہیبت سے صنم سہمے ہوئے رہتے تھے

منہ کے بل گر کے ‘ھو اللہ احد’ کہتے تھے

(اے اللہ، وہ کون تھا جس کے رعب سے بت ہروقت سہمے ہوئے رہتے تھے؟ وہ مسلمان ہی تھے جن کے رعب سے بت "اللہ ایک ہے" کہتے ہوئے منہ کے بل گرتے تھے۔)

آ گیا عین لڑائی میں اگر وقت نماز

قبلہ رو ہو کے زمیں بوس ہوئی قوم حجاز

(اے اللہ، اگر جنگ کے بالکل درمیان میں نماز کا وقت آجاتا تھا، تو مسلمان قبلہ کی طرف منہ کرکے سجدے میں گرجاتے تھے)

ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز

نہ کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز

(وہ مسلمان ہی تھے جو نماز کے وقت آقا اور غلام کا فرق ختم کرکے ایک ہی صف میں کھڑے ہوجاتے تھے)

بندہ و صاحب و محتاج و غنی ایک ہوئے

تیری سرکار میں پہنچے تو سبھی ایک ہوئے

(نماز کے وقت مالک اور غلام، امیر اور غریب سب ایک ہوجاتے تھے۔ تیرے دربار میں پہنچتے تو سب متحد ہوجاتے)

محفل کون و مکاں میں سحر و شام پھرے

مے توحید کو لے کر صفت جام پھرے

(اے اللہ، ہم صبح و شام پوری دنیا میں تیرا پیغام لے کر گھومتے تھے۔ ہم توحید کی شراب لے اس طرح سفر میں رہتے جیسے پیالہ گردش میں رہتا ہے)

کوہ میں ، دشت میں لے کر ترا پیغام پھرے

اور معلوم ہے تجھ کو ، کبھی ناکام پھرے!

(اے اللہ تیرا پیغام لے کر ہم پہاڑوں اور صحراوں میں پھرتے رہے۔ اے خدا تجھے تو معلوم ہے کہ ہم کبھی بھی ناکام نہیں رہے)

دشت تو دشت ہیں ، دریا بھی نہ چھوڑے ہم نے

بحر ظلمات میں دوڑا دیے گھوڑے ہم نے

(اے اللہ ہم نے صحراوں میں سفر کیے اور دریا بھی نہیں چھوڑے۔ ہم نے بحر اوقیانوس میں بھی اپنے گھوڑے دوڑا دیے)

صفحہ دہر سے باطل کو مٹایا ہم نے

نوع انساں کو غلامی سے چھڑایا ہم نے

(اے اللہ، مسلمانوں نے ہی دنیا سے باطل کا خاتمہ کیا۔ ہم نے ہی انسانوں کو غلامی سے آزاد کیا)

تیرے کعبے کو جبینوں سے بسایا ہم نے

تیرے قرآن کو سینوں سے لگایا ہم نے

(مسلمانوں نے ہی کعبے کو سجدوں سے آباد کیا۔ تیرے قرآن کو بھی مسلمانوں نے ہی سینے سے لگایا)

پھر بھی ہم سے یہ گلہ ہے کہ وفادار نہیں

ہم وفادار نہیں ، تو بھی تو دلدار نہیں!

(اے اللہ، اس سب کے باوجود آپ کو یہ شکوہ ہے کہ مسلمان وفادار نہیں۔ اگر ہم وفادار نہیں تو آپ نے بھی ہم سے محبت نہیں کی)

امتیں اور بھی ہیں ، ان میں گنہ گار بھی ہیں

عجز والے بھی ہیں ، مست مےء پندار بھی ہیں

(اے خدا مسلمانوں کے علاوہ دوسری امتوں کا بھی یہی حال ہے۔ ان میں گناہ گار بھی ہیں، عاجزی دکھانے والے بھی ہیں اور اپنی انا میں مست لوگ بھی ہیں)

ان میں کاہل بھی ہیں، غافل بھی ہیں، ہشیار بھی ہیں

سینکڑوں ہیں کہ ترے نام سے بیزار بھی ہیں

(ان امتوں میں سست لوگ بھی ہیں، غافل بھی ہیں اور ہشیار بھی۔ سیکڑوں ایسے لوگ بھی ہیں جو تیرا نام بھی نہیں سسنا چاہتے)

رحمتیں ہیں تری اغیار کے کاشانوں پر

برق گرتی ہے تو بیچارے مسلمانوں پر

(اے اللہ پھر کیا وجہ ہے کہ تیری رحمتیں صرف غیروں کے محلات پر برستی ہیں۔ تیرا عذاب صرف مسلمانوں پر برستا ہے)

بت صنم خانوں میں کہتے ہیں ، مسلمان گئے

ہے خوشی ان کو کہ کعبے کے نگہبان گئے

(اب مسلمانوں کے زوال کا یہ حال ہے کہ بت خانوں کے بت بھی کہہ رہے ہیں کہ اچھا ہوا، مسلمان چلے گئے۔ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ کعبے کی حفاظت کرنے والے چلے گئے)

منزل دہر سے اونٹوں کے حدی خوان گئے

اپنی بغلوں میں دبائے ہوئے قرآن گئے

(مسلمانوں کے زوال کی وجہ سے دنیا سے اونٹوں کو حدی سنانے والے چلے گئے۔ مسلمانوں کے زوال کے ساتھ ہی قرآنی تعلیمات بھی دنیا سے ختم ہوگئیں)

خندہ زن کفر ہے ، احساس تجھے ہے کہ نہیں

اپنی توحید کا کچھ پاس تجھے ہے کہ نہیں

(اے اللہ، کفر ہم پر ہنس رہا ہے اور آپ کو احساس بھی نہیں۔ اے اللہ، ہم تو ایک طرف رہے، آپ کو اپنی توحید کا بھی خیال نہیں)

یہ شکایت نہیں ، ہیں ان کے خزانے معمور

نہیں محفل میں جنھیں بات بھی کرنے کا شعور

(اے اللہ ہمیں یہ شکایت نہیں کہ وہ کافر جنہیں محفل میں بات کرنے کی تمیز نہیں، آج ان کے خزانے بھرے ہوئے ہیں)

قہر تو یہ ہے کہ کافر کو ملیں حور و قصور

اور بیچارے مسلماں کو فقط وعدہ حور

(شکایت تو اس بات پر ہے کہ کافروں کو دنیا میں ہی حوریں اور محلات ملیں، جبکہ مسلمانوں کے لیے صرف مرنے کے بعد ہی حورملنے کا وعدہ ہے)

اب وہ الطاف نہیں ، ہم پہ عنایات نہیں

بات یہ کیا ہے کہ پہلی سی مدارات نہیں

(اے اللہ، ہم پر وہ رحمت اور وہ مہربانی نہیں رہی، ہم سے کون سی ایسی غلطی ہوئی کہ اب پہلے جیسی مہربانی نہیں رہی)

کیوں مسلمانوں میں ہے دولت دنیا نایاب

تیری قدرت تو ہے وہ جس کی نہ حد ہے نہ حساب

(کیا وجہ ہے کہ مسلمانوں کے پاس دنیا کی دولت بالکل نہیں ہے۔ حالانکہ تیری قدرت اور طاقت کی نہ کوئی حد ہے اور نہ حساب)

تو جو چاہے تو اٹھے سینہء صحرا سے حباب

رہرو دشت ہو سیلی زدہء موج سراب

(اے اللہ تو اگر چاہے توصحرا کو سمندر میں بدل دے۔ ریگستان کی ریت کی جگہ موجیں ٹھاٹھیں مارنے لگیں )

طعن اغیار ہے ، رسوائی ہے ، ناداری ہے

کیا ترے نام پہ مرنے کا عوض خواری ہے؟

(آج ہم غیروں کے طعنے سن رہے ہیں، رسوا ہیں، نادار ہیں۔ یا خدا! کیا تیرے نام پر مرنے والے مسلمانوں کا صلہ یہ ہے کہ ہم دنیا کی نظروں میں ذلیل ہو جائیں؟)

بنی اغیار کی اب چاہنے والی دنیا

رہ گئی اپنے لیے ایک خیالی دنیا

(اے اللہ اب تو یہ حال ہوگیا ہے کہ دنیا پر غیروں کا قبضہ ہے۔ مسلمان تو بس خیالی دنیا میں ہی رہتے ہیں)

ہم تو رخصت ہوئے ، اوروں نے سنبھالی دنیا

پھر نہ کہنا ہوئی توحید سے خالی دنیا

(اے اللہ اب تو ہم دنیا سے رخصت ہوئے اور غیروں نے سنبھال لی۔ پھر نہ کہنا کہ توحید کے ماننے والوں سے دنیا خیال ہوگئی ہے)

ہم تو جیتے ہیں کہ دنیا میں ترا نام رہے

کہیں ممکن ہے کہ ساقی نہ رہے ، جام رہے!

(مسلمان تو دنیا میں اس لیے زندہ ہیں تاکہ اللہ کا نام باقی رہے۔ اگر مسلمان ختم ہوگئے تو تیرا نام کون لے گا؟ اگر پلانے والا نہ رہے تو پیالہ بھی باقی نہیں رہے گا)

تیری محفل بھی گئی ، چاہنے والے بھی گئے

شب کے آہیں بھی گئیں ، صبح کے نالے بھی گئے

(مسلمانوں کے ساتھ ہی اللہ کی محفل بھی ختم ہوگئی۔ خدا کو چاہنے والے بھی چلے گئے۔ یہ وہی لوگ تھے جو تیرے عشق میں رات کو روتے اور صبح کو آنسو بہاتے تھے)

دل تجھے دے بھی گئے ، اپنا صلا لے بھی گئے

آ کے بیٹھے بھی نہ تھے اور نکالے بھی گئے

(یہ لوگ اپنا دل تمہیں دے کر اپنا صلا بھی لے گئے۔ وہ لوگ ابھی آئے ہی تھے کہ واپس بھی چلے گئے)

آئے عشاق ، گئے وعدہء فردا لے کر

اب انھیں ڈھونڈ چراغ رخ زیبا لے کر

(اے اللہ تیرے عاشق دنیا میں آئے اور جنت کی خوشخبری لے کر چلے گئے۔ اب انہیں روشن چہرے کا چراغ لے کر تلاش کرو تو بھی نہیں ملنے والے)

درد لیلی بھی وہی ، قیس کا پہلو بھی وہی

نجد کے دشت و جبل میں رم آہو بھی وہی

(لیلی کے دل میں اب بھی وہی درد موجود ہے، قیس کے پہلو میں بھی وہی جذبہ موجود ہے۔ نجد کے بیابانوں اور پہاڑوں میں اب بھی ہرن دوڑتے دکھائی دیتے ہیں)

عشق کا دل بھی وہی ، حسن کا جادو بھی وہی

امت احمد مرسل بھی وہی ، تو بھی وہی

(عاشق کا دل ویسا ہے ہے، جیسا پہلے تھا۔ حسن کا جادو بھی پہلے کی وہی ہے۔ امت مسلمہ بھی وہی ہے اور اے خدا تو بھی وہی ہے۔ تو پھر مسلمانوں کی یہ حالت کیوں ہے؟)

پھر یہ آزردگی غیر سبب کیا معنی

اپنے شیداؤں پہ یہ چشم غضب کیا معنی

(اگر سب کچھ وہی ہے تو پھر مسلمانوں پر بلاوجہ تیرا غصہ کیوں ہے؟ اپنے عاشقوں سے اس ناراضگی کا کیا مطلب ہے؟)

تجھ کو چھوڑا کہ رسول عربی کو چھوڑا؟

بت گری پیشہ کیا ، بت شکنی کو چھوڑا؟

(ہم نے نہ تو تجھے چھوڑا ہے، نہ تیرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو۔ نہ ہم نے بت تراشنا شروع کیے ہیں، نہ ہی ہم نے بتوں کو توڑنا چھوڑا ہے)

عشق کو ، عشق کی آشفتہ سری کو چھوڑا؟

رسم سلمان و اویس قرنی کو چھوڑا؟

(اے خدا ہمارا قصور بتا، کیا ہم نے آپ سے عشق کرنا چھوڑا؟ یا آپ سے دیوانگی والے تعلق میں کوئی کمی آئی ہے؟ کیا ہم نے حضرت سلمان فارسی اور حضرت اویس قرنی والی عاشقانہ اداوں کو چھوڑا ہے؟ )

آگ تکبیر کی سینوں میں دبی رکھتے ہیں

زندگی مثل بلال حبشی رکھتے ہیں

(حقیقت یہ ہے کہ ہم تو اب بھی توحید کی آگ اپنے سینوں میں پوشیدہ رکھتے ہیں اور حضرت بلال کی طرح تیرے نام پر سختیاں جھیلنے کے لیے تیار ہیں)

عشق کی خیر وہ پہلی سی ادا بھی نہ سہی

جادہ پیمائی تسلیم و رضا بھی نہ سہی

(یہ سچ ہے کہ آج کے مسلمانوں میں وہ پہلے جیسا عشق نہیں ہے۔ تیرے فیصلوں پر راضی ہونے کی پہلے والی عادت بھی موجود نہیں ہے)

مضطرب دل صفت قبلہ نما بھی نہ سہی

اور پابندی آئین وفا بھی نہ سہی

(یہ بھی درست ہے کہ ہمارے دلوں میں پہلوں جیسی تڑپ بھی نہیں ہے۔ اسی طرح ہم شریعت کے پابند ووفادار بھی نہیں رہے)

کبھی ہم سے ، کبھی غیروں سے شناسائی ہے

بات کہنے کی نہیں ، تو بھی تو ہرجائی ہے !

(لیکن گستاخی معاف، آپ بھی تو کبھی ہم پر مہربانی کرتے ہیں اور کبھی غیروں پر۔ بات کہنی تو نہیں چاہیے مگر تو بھی تو بے وفا ہے)

سر فاراں پہ کیا دین کو کامل تو نے

اک اشارے میں ہزاروں کے لیے دل تو نے

(یہ حقیقت ہے کہ تونے فاران کی چوٹی پر اسلام کو مکمل کردیا۔ تیرے ایک اشارے پر ہزاروں لوگوں نے اسلام قبول کرلیا)

آتش اندوز کیا عشق کا حاصل تو نے

پھونک دی گرمی رخسار سے محفل تو نے

(تونے سب لوگوں کے دل میں اپنی محبت کی آگ روشن کردی۔ تیری محبت میں ساری دنیا جلنے لگی)

آج کیوں سینے ہمارے شرر آباد نہیں

ہم وہی سوختہ ساماں ہیں ، تجھے یاد نہیں؟

(لیکن ہم بھی تو انھیں مسلمانوں کی اولاد میں سے ہیں، پھر ہمارے اندر آگ کیوں سرد ہوگئی ہے؟)

وادی نجد میں وہ شور سلاسل نہ رہا

قیس دیوانہ نظارہ محمل نہ رہا

(نجد کی وادی میں اب زنجیروں کا وہ شور بھی باقی نہیں رہا۔ قیس اب دیوانہ وار لیلی کی سواری کا منتظر بھی نہیں رہا)

حوصلے وہ نہ رہے ، ہم نہ رہے ، دل نہ رہا

گھر یہ اجڑا ہے کہ تو رونق محفل نہ رہا

(مسلمانوں کے حوصلے بھی بلند نہیں رہے، ایمان کی حرارت بھی سرد پڑ چکی ہے۔ ہمارا گھر ایسا اجڑا ہے کہ اب محفل کی رونق ہی ختم ہوگئی ہے)

اے خوش آں روز کہ آئی و بصد ناز آئی

بے حجابانہ سوئے محفل ما باز آئی

(وہ دن کتنا ہی خوبصورت ہوگا، جب تو آئے گا اور ہمارے حال پر نظر کرم فرمائے گا۔ ایک بار پھر ہماری محفل میں لوٹ آئے گا)

بادہ کش غیر ہیں گلشن میں لب جو بیٹھے

سنتے ہیں جام بکف نغمہ کو کو بیٹھے

(اب یہ حال ہے کہ غیر تو عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ ندی کنارے بیٹھے ہیں، ہاتھوں میں جام ہے اور کوئل کے نغمے سن رہے ہیں)

دور ہنگامہ گلزار سے یک سو بیٹھے

تیرے دیوانے بھی ہیں منتظر ‘ھو’ بیٹھے

(تیرا نام لینے والے مسلمان عیش و عشرت سے دور ایک کونے میں بیٹھے ہیں اور تیرے فضل و کرم کا انتظار کررہے ہیں)

اپنے پروانوں کو پھر ذوق خود افروزی دے

برق دیرینہ کو فرمان جگر سوزی دے

(اے اللہ اپنے عاشق مسلمانوں کے دن پھیر دے۔ ان کے دل میں اپنی محبت کی آگ دوبارہ روشن کردے )

قوم آوارہ عناں تاب ہے پھر سوئے حجاز

لے اڑا بلبل بے پر کو مذاق پرواز

(اے اللہ ہم ندامت کا اظہا رکرتے ہوئے، ایک بار پھر حجاز کی طرف واپس جانا چاہتے ہیں۔ اگرچہ ہمارے پر نہیں ہیں، مگر تو اپنی رحمت کے طفیل ہمیں پرواز کرنے کی طاقت عطا فرما)

مضطرب باغ کے ہر غنچے میں ہے بوئے نیاز

تو ذرا چھیڑ تو دے، تشنہء مضراب ہے ساز

(قوم کے ہر فرد کے دل میں عشق رسولﷺ کا جذبہ کارفرما ہے۔ بس تیری اک نگاہِ کرم کی دیر ہے مسلمان پھر دنیا پر غالب آ سکتے ہیں)

نغمے بے تاب ہیں تاروں سے نکلنے کے لیے

طور مضطر ہے اسی آگ میں جلنے کے لیے

(مسلمان پھر تیری راہ میں سر کٹانے کے لیے تیار ہیں، ہم ایک بار پھر تیری محبت کی آگ میں جلنا چاہتے ہیں)

مشکلیں امت مرحوم کی آساں کر دے

مور بے مایہ کو ہمدوش سلیماں کر دے

(خدایا اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کی پریشانیاں دور کردے۔ ہم اگرچہ کمزور اور حقیر پرندوں کی طرح ہیں مگر ہمیں سلیمان علیہ السلام جیسا رتبہ عطا فرما)

جنس نایاب محبت کو پھر ارزاں کر دے

ہند کے دیر نشینوں کو مسلماں کر دے

(اے اللہ، اپنی محبت کو ہمارے دلوں میں کوٹ کوٹ کر بھر دے۔ ہم ہندی مسلمانوں کو ایک بار پھر سچا مسلمان بنادے)

جوئے خوں می چکد از حسرت دیرینہء ما

می تپد نالہ بہ نشتر کدہ سینہ ما

(ہماری پرانی نامکمل حسرتوں کا خون بہہ رہا ہے اور ہمارے زخموں سے چور سینے میں آہ و فریاد بھری ہوئی ہے)

بوئے گل لے گئی بیرون چمن راز چمن

کیا قیامت ہے کہ خود پھول ہیں غماز چمن !

(اس میں کوئی شک نہیں کہ خود مسلمانوں نے غیروں کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے خلاف ساز باز کی۔ اس باغ کے راز خود پھولوں کی خوشبو نے باغ سے باہر پہنچائے ہیں)

عہد گل ختم ہوا ٹوٹ گیا ساز چمن

اڑ گئے ڈالیوں سے زمزمہ پرواز چمن

(بہار کا موسم ختم ہوگیا اور اب ہر طرف خزاں ہے۔ محبت و اخوت کے نغمے گانے والے تمام پرندے اب شاخوں سے اڑ گئے ہیں)

ایک بلبل ہے کہ ہے محو ترنم اب تک

اس کے سینے میں ہے نغموں کا تلاطم اب تک

(سارے باغ میں ایک بلبل یعنی اقبال کی ذات رہ گئی ہے جو نغمے گا رہی ہے اور اس کے سینے میں ابھی تک جذبات کی شدت موجود ہے)

قمریاں شاخ صنوبر سے گریزاں بھی ہوئیں

پتیاں پھول کی جھڑ جھڑ کے پریشاں بھی ہوئیں

(چڑیاں اب صنوبر کی شاخ سے دور ہوچکی ہیں۔ پھول کی ایک ایک پتی جھڑ کر بکھر چکی ہے)

وہ پرانی روشیں باغ کی ویراں بھی ہوئیں

ڈالیاں پیرہن برگ سے عریاں بھی ہوئیں

(باغ کے پرانے رستے ویران ہوچکے ہیں۔ شاخوں پر اگے پتے بھی جھڑ چکے ہیں)

قید موسم سے طبیعت رہی آزاد اس کی

کاش گلشن میں سمجھتا کوئی فریاد اس کی!

(باغ ویران ہونے کے باوجود ایک بلبل یعنی علامہ اقبال موسم کی بدلتی صورت حال کو دیکھے بغیر اپنی بات کہہ رہا ہے۔ کاش دنیا میں کوئی شخص تو اس کی بات کو سمجھتا)

لطف مرنے میں ہے باقی ، نہ مزا جینے میں

کچھ مزا ہے تو یہی خون جگر پینے میں

(قوم کی اس بے حسی کی وجہ سے نہ مرنے میں مزہ ہے، نہ ہی جینے میں۔ اگر کوئی لطف ہے تو صرف خون جگر پینے میں)

کتنے بے تاب ہیں جوہر مرے آئینے میں

کس قدر جلوے تڑپتے ہیں مرے سینے میں

(میرے دل میں کتنے ہی خیالات ہیں جو باہر نکلنے کے لیے بے تاب ہیں۔ میرے سینے میں کتنے ہی جذبات ہیں جو بے نقاب ہونا چاہتے ہیں)

اس گلستاں میں مگر دیکھنے والے ہی نہیں

داغ جو سینے میں رکھتے ہوں ، وہ لالے ہی نہیں

(لیکن افسوس! قوم میں ان کے قدر دان موجود ہی نہیں۔اگر قوم کے دل میں ملت کا درد ہوتا تو وہ کسی درد مند کے جذبات کو سمجھ سکتی تھی)

چاک اس بلبل تنہا کی نوا سے دل ہوں

جاگنے والے اسی بانگ درا سے دل ہوں

(اے اللہ، میری زبان میں اتنی تاثیر دے کہ میری آواز سے دل بدل جائیں۔ میری صدا قافلہ کوچ کرتے وقت بجنے والی گھنٹی ہے، کاش اس آواز کو سن کر لوگ جاگ جائیں)

یعنی پھر زندہ نئے عہد وفا سے دل ہوں

پھر اسی بادہء دیرینہ کے پیاسے دل ہوں

(اے خدا، دلوں میں ایک بار پھر تیرے پیغام توحید سے دل زندہ ہوجائیں۔ ایک بار پھر دل اسی پرانی شراب یعنی توحید کے پیاسے بن جائیں)

عجمی خم ہے تو کیا ، مے تو حجازی ہے مری

نغمہ ہندی ہے تو کیا ، لے تو حجازی ہے مری!

(میرا پیالہ اگرچہ عجم کا ہے، مگر اس میں موجود شراب یعنی پیغام تو خالص اسلامی ہی ہے۔ میں نے اردو میں یہ اشعار کہے ہیں، مگر اس کے مضامین و خیالات تو اسلامی ہی ہیں)

(جاری ہے۔)

کالم نگار : مفتی عبدالمنعم فائز
| | |
620     8