(+92) 319 4080233
کالم نگار

مفتی نواب سراج

مفتی نواب سراج

پروفائل | تمام کالمز
2026/10/15
موضوعات
علماءِ دیوبند کےچند منتخب و مستند تراجم و تفاسیرِ قرآن مجید
قرآن مجید کو صحیح طور پر سمجھنے، اس کے متوارث مفاہیم سے وابستہ رہنے اور اپنے دین و ایمان کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ترجمہ و تفسیر کا مطالعہ معتبر اہلِ علم کی نگرانی اور مستند علمی مصادر کی روشنی میں کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے اکابرِ اہلِ سنت والجماعت، بالخصوص علماءِ دیوبند، کے تراجم و تفاسیر کی درج ذیل فہرست مفید ثابت ہوسکتی ہے۔

تراجم و تفاسیر کی منتخب فہرست:
1۔ فارسی ترجمہ و تفسیری ادب
1۔ فتح الرحمٰن فی ترجمۃ القرآن — حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ فارسی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ۔

2۔ ترجمۂ قرآن — حضرت شاہ رفیع الدین دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ اردو میں قرآن مجید کے معروف لفظی ترجموں میں سے ایک۔

3۔ موضح قرآن — حضرت شاہ عبدالقادر دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ اردو ترجمہ اور مختصر تفسیری توضیحات۔(البتہ ان تین تراجم کی ادبی تعبیر قدیم ہونے کی وجہ سے علمی پس منظر نہ ہونے کے باعث سمجھنے میں مشکلات ہوسکتی ہیں)

2۔ اکابر علماءِ دیوبند کے تراجم و تفاسیر:
4۔ ترجمۂ شیخ الہند مع تفسیر عثمانی — ترجمہ حضرت مولانا محمود حسن دیوبندی، المعروف شیخ الہند رحمہ اللہ تعالیٰ؛ تکمیلِ تفسیری فوائد حضرت علامہ شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ تعالیٰ۔

5۔ بیان القرآن — حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ ترجمہ و تفسیر کا ایک اہم علمی سرمایہ۔

6۔ روح القرآن۔ اردو تفسیر۔تیارکردہ شعبہ تصیف وتحقیق،جامعہ بنوریہ عالمیہ،زیر سرپرستی مولانامفتی محمد نعیمؒ،مولاناڈاکٹر نعمان نعیم

7۔ معارف القرآن — مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ آٹھ جلدوں پر مشتمل معروف اردو تفسیر؛ اس کے انگریزی ترجمے بھی دستیاب ہیں۔

8۔ معارف القرآن — حضرت مولانا محمد ادریس کاندھلوی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ اردو تفسیر، جسے ان کے شاگرد مولانا ملک کاندھلوی نے مکمل کیا۔

9۔ آسان ترجمۂ قرآن — مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم۔ عام قارئین کے لیے آسان اردو ترجمہ؛ انگریزی میں بھی ان کا قرآنی ترجمہ و توضیحات کا کام موجود ہے۔ 10۔ انوار البیان — حضرت مولانا عاشق الٰہی بلند شہری، المعروف مدنی رحمہ اللہ تعالیٰ۔ اردو تفسیر، جس کا انگریزی ترجمہ بھی شائع ہوا ہے۔

قارئین کے لیے اہم گزارش:
قرآن مجید کے ترجمے و تفسیر کا انتخاب محض آسان زبان، خوب صورت طباعت یا مقبولیت کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے، بلکہ مصنف کے علمی منہج، عقیدے، حدیث و سنت سے وابستگی، فہمِ صحابہ و سلف اور جمہور اہلِ سنت والجماعت کے متوارث تفسیری اصولوں کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔

بالخصوص عام قارئین کے لیے تفسیر عثمانی، معارف القرآن از مفتی محمد شفیع اور از مولانا کاندھلوی رحمہمااللہ اور آسان ترجمۂ قرآن سے مطالعے کا آغاز مفید ہوسکتا ہے۔البتہ دقیق علمی مباحث میں یا جہاں از خودسمجھنے میں دقت یا تردد ہو تو دیگر تفاسیر سے استفادہ کرتے وقت بھی معتبر اہلِ علم کی رہنمائی ضرور حاصل کی جائے۔از خود کوئی رائے یا فیصلہ نہ کیا جائےنیز اہل سنت والجماعت کے درمیان مختلف فیہ مسائل میں جمہور اہلسنت والجماعت کی تشریح اور جمہور علماء دیوبند کی تعبیر معتبر ہوگی۔

کالم نگار : مفتی نواب سراج
| | |
78