(+92) 319 4080233
کالم نگار

تحریر : مولانا محمد اسلام حقانی ، نائب مدیر ماہنامہ الحق /

تحریر : مولانا محمد اسلام حقانی ، نائب مدیر ماہنامہ الحق /

پروفائل | تمام کالمز
2026/10/15
موضوعات
’’شرح کتاب المغازی ‘‘کے درسی افادات واَمالی کی تکمیل
۲۳ ستمبر بروز بدھ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم حضرت مولانا راشدالحق سمیع صاحب مدظلہ نے دارالحدیث میں بخاری شریف جلد ثانی ’’کتاب المغازی‘‘ کے سبق کا باضابطہ افتتاح کیا، پچھلے سال شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس شہیدؒ نے استاد مکرم حضرت مولانا راشد الحق سمیع مدظلہ کو حکم دیا تھا کہ ’’آپ ’’کتاب المغازی‘‘ بھی پڑھانا شروع کریں کیونکہ یہ آپ کے دادا شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحقؒ بھی کئی عشروں تک پڑھاتے رہے اسی طرح آپ کے والد ماجد شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ بھی یہی ’’کتاب المغازی‘‘ پڑھاتے رہے لہٰذا یہ آپ کے خانوادہ کی علمی میراث ہے اِسے آپ شروع کریں۔‘‘

الحمدللہ !اب ان کی تیسری نسل میں سے استاد مکرم شیخ الحدیث حضرت مولانا راشد الحق سمیع مدظلہ کو ’’کتاب المغازی‘‘ پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔واضح رہے کہ استاد مکرم حضرت مولانا راشد الحق سمیع صاحب دورہ حدیث میں ترمذی شریف جلد ثانی اور درجہ موقوف علیہ میں مشکوٰۃ شریف جلد ثانی بھی پڑھا رہے ہیں، نائب مہتمم صاحب اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود جن میں ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی ادارت، تصنیف و تالیف کے جاری سلسلوں کی تکمیل، دارالعلوم حقانیہ کی جملہ جدید تعمیرات و انتظامات کی نگرانی ، ذمہ داری اور داخلی وخارجہ امورکے سلسلے میں ہر تیسرے چوتھے دن سفر میں ہوتے ہیں مگر پھر بھی تدریسی مصروفیات ظہر اور مغرب کے اوقات میں جاری رہتے ہیں۔دورہ حدیث کے اسباق، ترمذی اور بخاری شریف کے دروس پر دارالعلوم کے مخلص فضلائ،طلبائ،محبین،اساتذہ کرام ، شوریٰ اراکین اور خاندان حقانی کے افراد اور دیگر مشائخ و اساتذہ نے اس پر بے پناہ خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے ۔

دارالحدیث میں طلبائے کرام نے ’’کتاب المغازی‘‘ کے آغاز پر نائب مہتمم حضرت مولانا راشد الحق سمیع صاحب کا حسبِ سابق نہایت پرتپاک، پرجوش اور محبت بھرے انداز میں ان کا استقبال اور خیرمقدم کیا، درس میں انہوں نے ’’کتاب المغازی‘‘ کے حوالے سے سیر حاصل روشنی ڈالی اور ’’کتاب المغازی‘‘ اور خانوادہ حقانی کی باہمی نسبت اور تعلق پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒکے ’’کتاب المغازی‘‘ کا صوتی درس طلبا کو بطور تبرک سنایا جس پر طلبا میں جوش و خروش پیدا ہوا ۔

الحمدللہ! موتمر المصنفین جامعہ دارالعلوم حقانیہ روز اول ہی سے پاکستان کا ایک بڑا تحقیقی تصنیفی و تالیفی ادارہ ہے ،استاد محترم شہید اسلام شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق ؒ اس کے بانی اور روح رواں تھے، آپ کی نگرانی میں یہاں سے بڑی عظیم الشان معرکۃالاراء تصنیفات وتالیفات شائع ہوئی ہیں، ان کی سیاسی اور دیگرمصروفیات کے بناء پر استاد مکرم مولانا راشدالحق سمیع مدظلہ نے یہ سلسلہ سنبھال لیا تھا، ان کی شہادت کے بعد بھی موتمر سے کئی عظیم کتابیں اور نمبرات انہوں نے شائع کئے، اب کچھ عرصہ سے ان کی توجہ احادیث کے اہم کام کی طرف مبذول ہوگئی ہے،تازہ اور نیا کام شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحقؒ ’’کتاب المغازی‘‘ کے درسی افادات اور اَمالی کے متعلق بھی طلباء کو بتایا کہ ’’کتاب المغازی‘‘ کی یہ شرح بارہ سو سے زائد صفحات یعنی دو جلدوں پر مشتمل ہوگی، اس کی اشاعت کی خواہش حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ زندگی بھر کرتے رہے یہ دراصل حضرت شیخ ؒ کے دروس کو ٹیپ ریکارڈ کے ذریعے بڑے اہتمام کے ساتھ مولانا سمیع الحق شہیدؒ ریکارڈ کرتے رہے اور اس درس کی اَمالی بھی قلمبند کرتے رہے ،پہلی بار مولانا شاکر اللہ حقانی کو حضرت شہیدؒ نے یہ کام تفویض کیا،جنہوں نے بڑی محنت کیساتھ کئی کیسٹوں سے پشتو زبان میں ایک مسودہ تیار کیا،بعدازاں حضرت مولانا شہیدؒ نے مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی کو یہ کام چودہ پندرہ برس قبل سونپا کہ اس کو اردو میں ترجمہ کریں،جس پر انہوں نے کام شروع کیااور تقریباً ستر فیصد سے زائد کام کرچکے تھے حضرت مولانا شہیدؒ سے مشاورت کے بعد مولانا صلاح الدین حقانی کو ایم فل ڈگری کے حصول کیلئے حوالہ کیاجس کی انہوں نے کمپوزنگ بھی کی اور ساتھ میں تحقیق ومراجعت بھی کی جس کے چند صفحات وہ حضرت مولانا شہیدؒ کو دکھا بھی چکے تھے،مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی کے سفر افریقہ اور مولانا شہیدؒ کی شہادت کی وجہ سے یہ کام عارضی طورپر رُک گیا تھا،اگرچہ تین اسکالروں نے اس پر اپنی ایم فل کی ڈگری حاصل کی تھی،اب استاد مکرم مولانا راشدالحق صاحب نے اپنے دادا جان ؒ کے درس اَمالی ’’حقائق السنن‘‘ اور بخاری شریف کی شرح پر خصوصی توجہ اور زور و شور سے کام شروع کرایا ہے۔

’’شرح حقائق السنن‘‘ کی پہلی جلد پر مفتی حبیب اللہ قاسمی اور تخصص فی الحدیث کے طلبا و فضلاء نے تحقیق و تخریج کا کام کیا جبکہ بقیہ جلدوں پرحضرت مولانا عبدالقیوم حقانی کام فرما رہے ہیں جبکہ بخاری شریف کی ’’کتاب المغازی‘‘ کی شرح الحمدللہ مکمل تیار ہوچکی ہے اب اس کی اشاعت کا مرحلہ باقی ہے ان شاء اللہ العزیز اس سال کے اختتام سے قبل مولانا راشدالحق سمیع صاحب کی ذاتی دلچسپی ،معاونت اور خصوصی نگرانی سے یہ عظیم شرح شائع ہو جائے گی، اللہ تعالیٰ مدیر’’الحق‘‘ اور صدر الموتمر المصنفین کی تصنیفی و تالیفی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ (آمین)

مأخَذ

شمارہ ستمبر 2026

کالم نگار : تحریر : مولانا محمد اسلام حقانی ، نائب مدیر ماہنامہ الحق /
| | |
50