(+92) 319 4080233
کالم نگار

بلال خان، مدینہ منورہ

بلال خان، مدینہ منورہ

پروفائل | تمام کالمز
2026/10/15
موضوعات
مولویوں کی وجہ سے
ان مولویوں کی وجہ سے میری زندگی تباہ ہوئی، اگر یہ نہ ہوتے تو شاید آج میں بھی مزے کر رہا ہوتا!

میں خود حافظِ قرآن ہوں اور تقریباً دس سال مدرسے میں گزارے ہیں۔ اب ذرا سنیے کہ ان مولویوں نے میری زندگی کیسے برباد کی اور مجھے کیسے ’’برین واش‘‘ کر دیا۔

ان لوگوں نے مجھے سکھایا کہ کسی انسان کو دھوکا نہیں دینا۔ اگر یہ بات نہ سکھائی ہوتی تو شاید آج میں اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو دھوکا دے کر اچھے خاصے پیسے بنا چکا ہوتا اور آرام سے اپنے ملک میں رہ رہا ہوتا۔

ان لوگوں نے کہا کہ حرام کا مال نہیں کمانا۔ اسی لیے آج تک نہ کسی سے چوری کی، نہ کسی کی امانت میں خیانت کی، نہ کسی کو ویزے کی لالچ دی، نہ آن لائن کمائی کے نام پر لوٹا، نہ جعلی لاٹری اور لکی ڈرا کے خواب دکھائے، نہ ٹریڈنگ سے کروڑ پتی بنانے کے نام پر لوگوں سے پیسے لیے۔ اسی لیے آج بھی پردیس میں نوکری کر رہا ہوں۔

ان لوگوں نے یہ بھی سکھایا کہ کسی انسان کو مشکل میں دیکھو تو اس کی مدد کرو۔ میں نے بہت سے لوگوں کی مدد کی اور میرے کافی پیسے ضائع ہوگئے۔ اگر یہ سبق نہ ملا ہوتا تو شاید آج میرے بینک بیلنس میں کچھ اور ہی ہوتا۔

ان لوگوں نے مجھے کہا کہ اپنے گھر، ماں باپ، بہن بھائی اور رشتہ داروں کا خیال رکھو۔ اسی ’’غلط تعلیم‘‘ کی وجہ سے اب تک گھر تقریباً ایک کروڑ روپے سے زیادہ بھیج چکا ہوں، تاکہ ماں باپ اور بہن بھائی سکون سے رہ سکیں۔ اگر یہ پیسے گھر نہ بھیجتا تو شاید آج اپنا کاروبار شروع کر چکا ہوتا۔

ان لوگوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کی ماں، بہن یا بیٹی کو بری نظر سے نہیں دیکھنا، کسی کی عزت کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنا۔ بس اسی وجہ سے آج تک میں نے کسی کی عزت پر بری نظر نہیں ڈالی اور شاید زندگی کے بہت سارے ’’مزے‘‘ بھی نہیں لے سکا۔

اور سب سے بڑی بات، انہوں نے کہا کہ کسی انسان کو دکھ، تکلیف یا درد نہیں دینا۔ یہاں تک سکھایا کہ ایک انسان کی جان کی حرمت بہت بڑی ہے۔ اسی لیے آج تک میں نے جان بوجھ کر کسی انسان کو دکھ یا تکلیف نہیں دی، بلکہ بہت سی تکلیفیں خود برداشت کرتا رہا ہوں۔

ایسی اور بھی بہت سی ’’تباہ کن‘‘ تعلیمات ہیں جو میں نے ان مولویوں سے سیکھی ہیں۔اب سوچتا ہوں تو واقعی افسوس ہوتا ہے کہ اگر انہوں نے مجھے یہ سب نہ سکھایا ہوتا تو شاید میں بھی لوگوں کو دھوکا دے کر، ان کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھا کر، ان کے پیسے لوٹ کر آج بہت امیر ہوتا۔

لیکن ایک مسئلہ ہے...ان لوگوں نے مجھے دنیا کمانے سے پہلے انسان بننا سکھا دیا۔اب اگر یہی ’’برین واشنگ‘‘ ہے تو اللہ کرے یہ برین واشنگ کبھی ختم نہ ہو۔

مأخَذ

سوشل میڈیا سے انتخاب

کالم نگار : بلال خان، مدینہ منورہ
| | |
80