(+92) 319 4080233
کالم نگار

سونیاناز

سونیاناز

پروفائل | تمام کالمز
2026/07/11
موضوعات
ان کے نام
ان دیہاڑی داروں کے نام جو ہفتے میں ایک دفعہ اپنی بیٹی کا پسندیدہ انڈے والا بند کباب لاتے ہیں اور ساتھ اعلان بھی کرتے ہیں کہ انکا پسندیدہ کھانا تو بس روٹی اور چٹنی ہے۔

ان عظیم مردوں کے نام جو رات کو اپنے چھالے بھرے ہاتھوں سے , اپنی ماں، بہن، بیوی، بیٹی کے لۓ گرما گرم مونگ پھلی لاتے ہیں اور ساتھ بیٹھ کر قہقہے لگا کر کہتے ہیں تم لوگ کھاٶ میں تو راستے میں کھاتا آیا ہوں۔

ان عظیم جوانوں کے نام جو شادی کے چند دن بعد پردیس کی فلاٸٹ پکڑتے ہیں اور پیچھے رہ جانے والوں کا ATM بن جاتے ہیں، جنہیں اپنی بیوی کی جوانی اور اپنے بچوں کا بچپن دیکھنے کا موقع ہی نہیں ملتا۔

ان سب مزدوروں، سپرواٸزروں اور فیلڈ افسروں کے نام جو دن بھر کی تھکان کے ٹوٹے بدن کے باوجود اپنے بیوی بچوں کے مسکراتے چہرے دیکھنے کے لۓ رات کو واٸس ایپ (voice app) کال کرنا نہیں بھولتے۔

ان سب دکانداروں اور سیلزمینوں کے نام جو سارا سارا دن اپنے وجود کے ساتھ لیڈیز سوٹ لگا کر کہتے ہیں:باجی دیکھیں کیسا نفیس پرنٹ اور رنگ ہے۔

ان سب عظیم مردوں کے نام جو مکل کے کسی ایک کونے سے ڈراٸیو شروع کرتے ہیں اور پورے پاکستان میں اشیاء تجارت دے کر آتے ہوۓ اپنی بیٹی کے لۓ کسی اجنبی علاقے کی سوغات لانا نہیں بھولتے ان معزز افسران کے نام جو ویسے تو ناک پر مکھی نہیں بیٹھنے دیتے، مگر اپنے بچوں کے رزق کے لۓ سینٸیر اور سیٹھ کی گالیاں کھا کر بھی مسکرا دیتے ہیں۔

ان عظیم کسانوں کے نام جو دسمبر کی برستی بارش میں سر پر تھیلا لۓ پگڈنڈی پھر کر کسی کھیت سے پانی نکالتے ہیں اور کسی میں ڈالتے ہیں۔

میرے والد صاحب کے نام جنہوں نے مجھے زندگی دی اور زندگی بنا کر بھی دی۔

ہر نیک نفس، ایماندار اور محبت کرنے والے باپ، بھاٸی، شوہر اور بیٹے کے نام جو اپنے لۓ نہیں اپنے گھر والوں کے لۓ کماتے ہیں ,جن کا کوٸی عالمی دن نہیں ہوتا۔مگر ہر دن ان کے لۓ عالمی دن ہوتا ہے کیونکہ جن کے لۓ وہ محنت کرتے ہیں وہی انکا سب کچھ ہوتے ہیں۔

کالم نگار : سونیاناز
| | |
71