(+92) 319 4080233
دعا،عبادت کا مغز
اللہ رب العزت نے انسان کو اپنی رحمت، محبت اور شفقت کے سائے میں پیدا فرمایا۔ انسان جب بیماری، پریشانی، بےروزگاری، اولاد کی فکر، گھریلو مسائل یا ذہنی تھکن میں مبتلا ہوتا ہے تو اس کے دل کو سب سے زیادہ سکون اللہ کے ذکر، دعا اور قرآنِ مجید سے ملتا ہے۔

اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتے ہیں:

اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىِٕنُّ الْقُلُوْبُ(— سورۃ الرعد: 28)

“خبردار! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو سکون ملتا ہے۔”

یہ آیت ہر غمزدہ دل کے لیے امید کا پیغام ہے کہ حقیقی سکون نہ دولت میں ہے، نہ دنیا کی آسائشوں میں، بلکہ اللہ کی یاد میں ہے۔اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے بےحد محبت فرماتے ہیں۔ ایک حدیثِ مبارکہ میں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ محبت فرماتے ہیں۔ جب بندہ ٹوٹ کر اپنے رب کو پکارتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی آہ، اس کے آنسو اور اس کے دل کی کیفیت کو جانتا ہے۔

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:وَاِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِيْنِ(— سورۃ الشعراء: 80)

“اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی مجھے شفا دیتا ہے۔”

یہی وجہ ہے کہ مومن ہر بیماری، ہر پریشانی اور ہر مشکل میں اپنے رب کی طرف رجوع کرتا ہے۔ شفا صرف دوا میں نہیں بلکہ دعا میں بھی ہے، اور اصل شفا دینے والی ذات اللہ رب العزت کی ہے۔رسولِ اکرم محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:“اللہ نے جو بیماری نازل کی ہے، اس کی شفا بھی نازل فرمائی ہے۔”(— صحیح بخاری)

یہ حدیث انسان کے اندر امید، حوصلہ اور صبر پیدا کرتی ہے کہ کوئی بھی بیماری، پریشانی یا آزمائش اللہ کی رحمت سے بڑی نہیں۔ذوالحجہ کے مبارک دن، شبِ جمعہ کی نورانی ساعتیں، اور دعا کے لمحات انسان کی زندگی بدل کتے ہیں۔ ان مبارک لمحوں میں بندے کو چاہیے کہ وہ سچے دل سے اللہ کے سامنے جھک جائے، اپنے گناہوں پر توبہ کرے، اور اپنے رب سے رحمت و عافیت مانگے۔

خوبصورت دعائیہ کلمات یا اللہ!اپنے مبارک نام “یَا شَافِی” کے صدقے ہر بیمار کو شفا عطا فرما۔اپنے اسمِ مبارک “یَا رَحْمٰنُ، یَا رَحِیْمُ” کے وسیلے سے ہم پر رحم فرما۔یا اللہ! پریشان حالوں کی پریشانیاں دور فرما، بےروزگاروں کو رزقِ حلال عطا فرما، بےاولادوں کو نیک اولاد نصیب فرما، اور ہر ٹوٹے دل کو سکون عطا فرما۔اے کریم اللہ!ہم کمزور ہیں، گناہگار ہیں، مگر تیرے در سے ناامید نہیں۔اپنے محبوب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ہم پر کرم فرما، ہماری دعاؤں کو قبول فرما، اور ہمیں دنیا و آخرت کی بھلائیاں عطا فرما۔ تمام مسلمانوں کو صحتِ کاملہ، ایمانِ کامل، رزقِ حلال، سکونِ قلب، صبرِ جمیل اور خاتمہ بالخیر عطا فرما۔

رَبَّنَا اٰتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَّفِي الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ(— سورۃ البقرہ: 201)

“اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما اور آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا۔”

اللہ تعالیٰ ہم سب پر اپنی رحمت، برکت اور عافیت نازل فرمائے۔آمین!

کالم نگار : محمدسہیل کھتری
| | |
56